حوثیوں کی اہم پیش قدمی، یمن کی تزویراتی مخا بندرگاہ پر قبضہ

ایڈمن
ایڈمن
3 Min Read

یمن میں جاری شدید جنگ اور پرتشدد جھڑپوں کے درمیان حوثی مہم جوئی میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ بین الاقوامی خبر رساں ادارے ‘روئٹرز’ نے یمنی حکومت کے تین اعلیٰ عہدیداروں کے حوالے سے رپورٹ کیا ہے کہ حوثی جنگجوؤں نے جمعرات کے روز بحیرۂ احمر کی اہم اور تزویراتی ‘مخا بندرگاہ’ (Port of Mokha) کا مکمل کنٹرول حاصل کر لیا ہے۔

مخا بندرگاہ یمن کے صوبہ تعز کے مغرب میں، شہر تعز سے تقریباً 100 کلومیٹر مغرب اور عالمی اہمیت کی حامل آبنائے ‘باب المندب’ سے 65 تا 75 کلومیٹر شمال میں واقع ہے۔

یمنی وزارتِ ٹرانسپورٹ کے مطابق یہ بندرگاہ اس اہم بین الاقوامی بحری گزرگاہ سے محض 6 کلومیٹر کے فاصلے پر ہے جو بحرِ ہند اور بحیرۂ عرب کو بحیرۂ احمر اور نہرِ سویز سے جوڑتی ہے۔

تجزیہ کاروں کے مطابق مخا بندرگاہ کا کنٹرول حاصل ہونے سے نہ صرف حوثیوں کی بحیرۂ احمر کی ساحلی پٹی پر گرفت مضبوط ہوئی ہے بلکہ آبنائے باب المندب اور عالمی جہازرانی کے روٹ پر ان کا اثر و رسوخ بے حد بڑھ گیا ہے۔

یہ اہم پیش رفت حوثیوں کی جانب سے مسلسل پیش قدمی اور بندرگاہ پر قبضے کی کوششوں کا نتیجہ ہے۔ اس سے قبل گزشتہ ماہ (10 اگست) کو بھی حوثیوں نے مخا بندرگاہ پر ایک بڑا حملہ کیا تھا، جس میں 8 یمنی فوجی ہلاک اور 40 سے زائد افراد زخمی ہو گئے تھے۔

اس وقت حوثی عسکری ترجمان یحییٰ سریع نے دعویٰ کیا تھا کہ حملے میں سعودی افواج کے اسلحہ گوداموں کو نشانہ بنایا گیا، جبکہ یمنی حکام نے شہری و اقتصادی تنصیبات اور رہائشی علاقوں کو نقصان پہنچنے کی تصدیق کی تھی۔

مخا بندرگاہ پر قبضے سے قبل یمن میں سعودی عرب کی حمایت یافتہ فورسز اور حوثیوں کے درمیان شدید زمینی جھڑپیں جاری تھیں جس سے علاقائی جنگ کے پھیلاؤ کے خدشات شدید ہو گئے تھے۔

اپنی تنصیبات پر حوثی حملوں کے جواب میں سعودی عرب کی جانب سے یمن کے متعدد علاقوں پر شدید فضائی حملے (Airstrikes) بھی کیے گئے ہیں۔ کشیدگی کے اس خطرناک موڑ پر پہنچنے کے بعد سعودی عرب کے جنوب مغربی شہر ‘خمیس مشیط’ میں ہنگامی حالت (Emergency) نافذ کر دی گئی ہے۔

سنگر نیوز واٹس ایپ چینل بلوچستان کی تازہ ترین، موثق اور لمحہ بہ لمحہ خبروں سے باخبر رہنے کے لیے ہمارے واٹس ایپ چینل کو فالو کیجیے۔
Share This Article