کیچ و خضدار سے 2 ڈاکٹروں سمیت 3 افراد کی جبری گمشدگیاں، وی بی ایم پی کا فوری بازیابی کا مطالبہ

ایڈمن
ایڈمن
3 Min Read

وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز (VBMP) کو ضلع کیچ اور خضدار سے سیکورٹی فورسز کے ہاتھوں شہریوں کی جبری گمشدگیوں کے حوالے سے نئی شکایت موصول ہوئی ہیں۔

تنظیم نے 2 ویٹرنری ڈاکٹروں اور ایک شہری کی حراست بعد نامعلوم مقام پر منتقلی اور عدم التفات پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ان کی فوری بازیابی کا مطالبہ کیا ہے۔

تنظیم کے مطابق وی بی ایم پی کو موصول ہونے والی شکایت کے مطابق گزشتہ شب سیکورٹی فورسز نے تربت (ضلع کیچ) کے علاقے آپسر میں ایک گھر پر چھاپہ مار کر دو وٹنری ڈاکٹرز، ماہر مزار ولد مزار رحیم اور جمشیر بلوچ ولد گنگزار کو حراست میں لینے کے بعد نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا ہے۔ اہل خانہ کا کہنا ہے کہ فورسز کی جانب سے انہیں نہ تو گرفتاری کی وجوہات بتائی گئی ہیں اور نہ ہی دونوں ڈاکٹروں کے بارے میں کوئی معلومات فراہم کی جا رہی ہیں۔

انہو ں نے کہا کہ ایک اور شکایت میں خضدار کے علاقے باغبانہ کے رہائشی قادر بخش بلوچ کے لواحقین نے وی بی ایم پی سے رابطہ کر کے بتایا کہ 6 ستمبر کو باغبانہ سے خضدار جاتے ہوئے صبح 10:00 بجے کے قریب فورسز نے انہیں حراست میں لے کر لاپتہ کر دیا۔

بیان میں کہا گیا کہ لواحقین کے مطابق انہوں نے واقعے کی ایف آئی آر درج کرانے اور قادر بخش کے بارے میں جاننے کے لیے متعلقہ تھانے سے متعدد بار رابطہ کیا، لیکن پولیس نہ تو پرچہ درج کر رہی ہے اور نہ ہی کوئی معلومات دے رہی ہے۔ لواحقین نے مزید بتایا کہ قادر بخش اس سے قبل بھی مارچ 2021 (اپنے بیٹے کے ساتھ) اور جون 2026 میں بھی فورسز کے ہاتھوں جبری گمشدگی کا شکار ہو چکے ہیں، اور یہ ان کی تیسری جبری گمشدگی ہے۔

وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز نے ان واقعات کو بنیادی انسانی و شہری حقوق کی سنگین خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے کہا کہ کسی بھی شہری کو بغیر قانونی تقاضے پورے کیے غائب رکھنا اور خاندان کو آگاہ نہ کرنا انتہائی دردناک اور غیر آئینی عمل ہے، جس سے لواحقین شدید ذہنی اذیت میں مبتلا ہیں۔

تنظیم نے اعلیٰ حکام سے فوری مطالبہ کیا ہے کہ ڈاکٹر ماہر مزار، ڈاکٹر جمشیر بلوچ اور قادر بخش بلوچ کی فوری اور بحفاظت بازیابی یقینی بنائی جائے۔ اگر ان شہریوں کے خلاف کوئی الزام یا مقدمہ موجود ہے تو اسے فوری طور پر منظرِ عام پر لایا جائے، اہل خانہ کو آگاہ کیا جائے اور آئین و قانون کے مطابق انہیں عدالتوں میں پیش کیا جائے۔

سنگر نیوز واٹس ایپ چینل بلوچستان کی تازہ ترین، موثق اور لمحہ بہ لمحہ خبروں سے باخبر رہنے کے لیے ہمارے واٹس ایپ چینل کو فالو کیجیے۔
Share This Article