بلوچستان میں ڈی سی ہرنائی کے اسکواڈ پر حملہ، کسٹمز چیک پوسٹوں کے لیے تھریٹ الرٹ جاری

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

بلوچستان کے علاقے زیارت میں پشین کراس پر ڈی سی ہرنائی کے اسکواڈ پر حملہ ہوا ہے جس سے اہلکار زخمی ہوگیا ۔جبکہ بلوچستان بھر میں کسٹمز چیک پوسٹوں کے لیے تھریٹ الرٹ جاری کردیا گیا ہے ۔

بلوچستان میں سیکیورٹی صورتحال کی سنگینی کے پیشِ نظر جہاں مختلف کسٹمز چیک پوسٹوں کو سیکیورٹی خدشات کے باعث تھریٹ الرٹ جاری کر دیا گیا ہے، وہیں زیارت،پشین کراس کے مقام پر ڈپٹی کمشنر (ڈی سی) ہرنائی کی اسکواڈ گاڑی پر مسلح افراد نے حملہ کر دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق، ڈپٹی کمشنر ہرنائی کے اسکواڈ کی گاڑی کوئٹہ سے ہرنائی جا رہی تھی کہ زیارت،پشین کراس کے قریب نامعلوم مسلح افراد نے اس پر اچانک فائرنگ کر دی۔

فائرنگ کے اس نتیجے میں گاڑی میں سوار ایک پولیس اہلکار نصراللہ شاہ (ولد ابراہیم شاہ) پاؤں میں گولی لگنے سے زخمی ہو گیا۔

زخمی اہلکار کو فوری طبی امداد کے لیے منتقل کر دیا گیا ہے۔

دوسری جانب کوئٹہ سے موصولہ اطلاعات کے مطابق، کسٹمز حکام کی جانب سے بلوچستان کے مختلف اضلاع میں قائم کسٹمز چیک پوسٹوں کو سیکیورٹی خدشات کے تحت تھریٹ الرٹ جاری کیا گیا ہے۔

کسٹمز ذرائع کے مطابق تمام متعلقہ چیک پوسٹوں پر تعینات اہلکاروں کو انتہائی محتاط رہنے، چوکسی بڑھانے اور سیکیورٹی انتظامات کو مزید سخت کرنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔

یاد رہے کہ گذشتہ تین چار دنوں کے دوران ماشکیل اور پشین کے زیارت کراس پر کسٹمز پر بلوچ آزادی پسند مسلح تنظیموں کے مہلک حملے ہوئے تھے جس میں سیکڑوں کی تعداد میں گاڑیاں نذرآ تش کی گئیں،آفس اور سرکاری دستاویزات مکمل ناکارہ بنادیئے گئے اور متعدد اہلکار ہلاک کیے گئے تھے۔ان حملوں کی ذمہ داری بی ایل ایف اور بی ایل اے قبول کر چکی ہے۔

سنگر نیوز واٹس ایپ چینل بلوچستان کی تازہ ترین، موثق اور لمحہ بہ لمحہ خبروں سے باخبر رہنے کے لیے ہمارے واٹس ایپ چینل کو فالو کیجیے۔
Share This Article