وی بی ایم پی کا احتجاجی کیمپ جاری، جبری لاپتہ محمد الیاس کے کوائف جمع

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

بلوچستان میں جبری گمشدگیوں کے خلاف وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز (VBMP) کے زیرِ اہتمام کوئٹہ پریس کلب کے سامنے قائم احتجاجی کیمپ 6345ویں روز بھی جاری رہا۔

اس دوران نوشکی کے رہائشی محمد صادق جمالدینی نے احتجاجی کیمپ میں شرکت کی اور اپنے جبری لاپتہ بیٹے محمد الیاس کے کوائف وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز کے پاس جمع کرا دیے۔

محمد صادق جمالدینی نے بتایا کہ ان کے بیٹے محمد الیاس کو رواں سال یکم جولائی کو مسلم آباد، نزد دوست آغا، سریاب روڈ کوئٹہ سے ملکی اداروں کے اہلکاروں نے تفتیش کے بہانے حراست میں لینے کے بعد نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا۔

انہوں نے کہا کہ دو ماہ گزرنے کے باوجود انہیں اپنے بیٹے کے بارے میں کسی قسم کی معلومات فراہم نہیں کی جا رہی، جس کے باعث ان کا خاندان شدید پریشانی، کرب اور اذیت میں مبتلا ہے۔

وی بی ایم پی کے چیئرمین نصراللہ بلوچ نے محمد صادق جمالدینی کو یقین دہانی کرائی کہ ان کے بیٹے محمد الیاس کا کیس متعلقہ کمیشن اور حکومت کو فراہم کیا جائے گا اور ان کی باحفاظت بازیابی کے لیے ہر ممکن فورم پر آواز بلند کی جائے گی۔

نصراللہ بلوچ نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا کہ محمد الیاس سمیت تمام جبری لاپتہ افراد کو فوری طور پر بازیاب کیا جائے اور غم زدہ خاندانوں کو اس اذیت ناک صورتحال سے نجات دلائی جائے۔

سنگر نیوز واٹس ایپ چینل بلوچستان کی تازہ ترین، موثق اور لمحہ بہ لمحہ خبروں سے باخبر رہنے کے لیے ہمارے واٹس ایپ چینل کو فالو کیجیے۔
Share This Article