ایران جنگ کے اثرات: کنٹانی ہور اور گوادر میں ایرانی تیل کی تجارت شدید متاثر، ہزاروں مزدور بے روزگار

ایڈمن
ایڈمن
3 Min Read

عالمی اشاعتی ادارے مڈل ایسٹ آئی (MEE) کے نامہ نگاران ہزاران بلوچ اور چنگیز نذیر کی گوادر سے تیار کردہ ایک خصوصی رپورٹ کے مطابق، مشرقِ وسطیٰ میں امریکہ، اسرائیل اور ایران کے درمیان جاری جنگی حالات کے باعث بلوچستان کے ساحلی علاقے کنٹانی ہور کے ذریعے ہونے والی ایرانی پیٹرول اور ڈیزل کی غیر رسمی تجارت شدید بحران کا شکار ہو گئی ہے۔ اس کے نتیجے میں بلوچستان اور پاکستان کے دیگر علاقوں سے تعلق رکھنے والے ہزاروں دیہاڑی دار مزدور، ڈرائیورز اور تیل کے ڈپو پر کام کرنے والے افراد یکدم بے روزگار ہو گئے ہیں۔

مڈل ایسٹ آئی کی رپورٹ کے مطابق، گوادر سے 150 کلومیٹر مغرب میں واقع ‘کنٹانی ہار’ سالوں سے ایرانی پیٹرولیم مصنوعات کی ترسیل کا اہم ذریعہ رہا ہے۔ اگرچہ سرکاری سطح پر اسے اسمگلنگ تصور کیا جاتا ہے، لیکن مکران ڈویژن میں روزگار کا کوئی دوسرا ذریعہ نہ ہونے کی وجہ سے یہ خطے کی معاشی ریڑھ کی ہڈی بن چکا ہے۔ رپورٹرز کے مطابق مئی میں بارڈر کی بندش کے باعث گوادر میں ایرانی پیٹرول 30 سے 40 روپے فی لیٹر مہنگا ہو گیا تھا۔

ایران میں جنگی صورتِ حال کی وجہ سے سمندری راستوں اور سپلائی لائنز کی ناکہ بندی کے باعث کنٹانی ہور کے اطراف فعال 5 ہزار سے زائد تیل کے ڈپوؤں میں سے اب بمشکل صرف چند سو ہی قائم ہیں، جبکہ اکثریت مکمل طور پر بند ہو چکی ہے۔

سپلائی متاثر ہونے کی وجہ سے بلوچستان کے اضلاع (پنجگور، کیچ، گوادر، کوئٹہ) کے علاوہ جنوبی پنجاب (ڈیرہ غازی خان) اور کشمیر سے آئے مزدور واپس لوٹنے پر مجبور ہو گئے ہیں۔

رپورٹ میں نشاندہی کی گئی ہے کہ کنٹانی ہور پر ڈرم اٹھانے والے مزدور اور موٹر سائیکلوں پر تیل لادنے والے ڈرائیورز مزدور (سائیکلی) انتہائی ہلاکت خیز حالات، آگ کے خطرات اور پینے کے پانی کی عدم دستیابی کے باوجود محض بھوک سے بچنے کے لیے یہ کام کرتے ہیں۔

برلن میں مقیم صحافی سحر بلوچ نے مڈل ایسٹ آئی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مکران میں ماہی گیری اور زراعت کی بہتری کے لیے اقدامات نہ ہونے کے باعث سرحدی غیر رسمی تجارت عوام کی سوشل سیکیورٹی بن چکی تھی، جسے موجودہ جنگ نے شدید متاثر کیا ہے۔

سنگر نیوز واٹس ایپ چینل بلوچستان کی تازہ ترین، موثق اور لمحہ بہ لمحہ خبروں سے باخبر رہنے کے لیے ہمارے واٹس ایپ چینل کو فالو کیجیے۔
Share This Article