مستونگ: کھڈکوچہ میں مسافر بس پر فائرنگ سے 4 افراد ہلاک

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

بلوچستان کے مرکزی شہر کوئٹہ سے کراچی جانے والی السیف کوچ کمپنی کی بس پر مستنوگ کے علاقے کھڈکوچہ کے مقام پر مسلح افراد کی فائرنگ سے 4 افراد ہلاک جبکہ دو زخمی ہوگئے۔

السیف کمپنی کے ترجمان کے مطابق بزنس کلاس مسافر بس بدھ کے روز دوپہر ایک بجے کوئٹہ ایئرپورٹ روڈ سے کراچی کے لیے روانہ ہوئی تھی۔ کھڈکوچہ کے مقام پر اسے مسلح افراد کی فائرنگ کا نشانہ بنایا گیا۔ ہلاک اور زخمی ہونے والے مسافروں کو مستونگ اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جبکہ بس کو واپس کوئٹہ لانے کی کوششیں جاری ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اس سے قبل بھی اسی مقام پر ایک اور مسافر کوچ پر فائرنگ کے نتیجے میں ایک مسافر ہلاک اور ایک زخمی ہوا تھا۔

علاوہ ازیں، ضلع قلات میں گدان ہوٹل کے قریب نامعلوم مسلح افراد نے کوئٹہ سے تربت جانے والی المنیر کوچ پر فائرنگ کر دی۔

واقعے کے نتیجے میں شاندار گل، عمر 25 سال، سکنہ آواران، زخمی ہو گئیں۔ زخمی کو فوری طبی امداد کے لیے سول اسپتال سوراب منتقل کر دیا گیا۔

ذرائع کے مطابق مسافر کوچز پر حملے پاکستانی فورسز کی جانب سے کیے جا رہے ہیں۔ ایک ٹرانسپورٹر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ کوئٹہ۔کراچی روٹ پر چلنے والی مسافر بسوں کے اوقاتِ کار محدود کرنے اور فوجی قافلوں کے ساتھ چلنے کی شرط نہ ماننے کے باعث یہ واقعات پیش آ رہے ہیں۔

تاہم، اب تک ان واقعات کے حوالے سے حکومت کی جانب سے کسی قسم کی تحقیقات یا ان کے نتائج سامنے نہیں آئے ہیں۔

سنگر نیوز واٹس ایپ چینل بلوچستان کی تازہ ترین، موثق اور لمحہ بہ لمحہ خبروں سے باخبر رہنے کے لیے ہمارے واٹس ایپ چینل کو فالو کیجیے۔
Share This Article