حماس نے خلیل الحیہ کو اپنا نیا سربراہ منتخب کر لیا

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

فلسطینی تنظیم حماس نے ایک بیان میں اعلان کیا ہے کہ خلیل الحیہ کو تنظیم کا نیا سربراہ منتخب کر لیا گیا ہے۔ وہ یحییٰ سنوار کے جانشین ہوں گے، جو اکتوبر سنہ 2024 میں غزہ میں اسرائیلی فوج کے ایک حملے میں مارے گئے تھے۔

حماس کے سابقہ رہنماؤں بشمول اسماعیل ہنیہ، یحییٰ سنوار اور محمد ضیف سمیت تنظیم کے دیگر اہم رہنماؤں کی اسرائیلی حملوں میں ہلاکت کے بعد خلیل الحیہ کا کردار اور اثر و رسوخ نمایاں طور پر بڑھا ہے۔

خلیل الحیہ سنہ 1960 میں غزہ پٹی میں پیدا ہوئے اور سنہ 1987 میں حماس کے قیام کے وقت سے ہی اس تنظیم کے رکن رہے ہیں۔

یحییٰ سنوار کے نائب اور حماس کے سینیئر عہدیدار خلیل الحیہ کو اس عہدے کے لیے ایک مضبوط امیدوار سمجھا جا رہا تھا۔

غزہ سے باہر موجود حماس کی قیادت میں خلیل الحیہ ایک انتہائی سینیئر عہدیدار ہیں۔ قطر میں خلیل الحیہ نے حماس اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی کے لیے ہونے والے مذاکرات میں حماس کے وفد کی قیادت بھی کی ہے۔

خلیل الحیہ کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ وہ غزہ کی صورتحال کے بارے میں گہری معلومات، رابطے اور تفہیم رکھتے ہیں۔

یحییٰ سنوار کے بعد خلیل الحیہ نے سیاسی و خارجی امور کی ذمہ داری سنبھالیں۔ وہ اب تک غزہ کے معاملات کی براہِ راست نگرانی کر رہے تھے۔

واضح رہے کہ گذشتہ سال ستمبر میں دوحہ میں حماس کے رہنماؤں پر اسرائیلی حملہ ہوا تھا جس میں اسرائیلی فوج نے خلیل الحیہ اور اُن کے ساتھیوں کو نشانہ بنایا گیا تھا۔

سنگر نیوز واٹس ایپ چینل بلوچستان کی تازہ ترین، موثق اور لمحہ بہ لمحہ خبروں سے باخبر رہنے کے لیے ہمارے واٹس ایپ چینل کو فالو کیجیے۔
Share This Article