پنجگور میں پاکستانی فوج کی بکتر بند گاڑی پر آئی ای ڈی حملہ، نوشکی میں بڑی گاڑی نذرآتش

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

بلوچستان کے ضلع پنجگور کے علاقے پروم میں پاکستانی فوج کی ایک بکتر بند گاڑی کو دیسی ساختہ بم حملے کا نشانہ بنایا گیا۔جبکہ نوشکی کے علاقے کچکی میں کوئٹہ تفتان مرکزی شاہراہ پر مسلح افراد نے این ٹرالر گاڑی کو نذر آتش کردیا۔

پنجگور میں دھماکے کے نتیجے میں فوجی اہلکاروں کے ہلاک اور زخمی ہونے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں، تاہم سرکاری سطح پر تاحال اس واقعے کی تصدیق یا ہلاکتوں کی تعداد جاری نہیں کی گئی۔

مقامی ذرائع کے مطابق دھماکا انتہائی شدید نوعیت کا تھا، جس کے باعث گاڑی کو نقصان پہنچنے کی اطلاعات ہیں، رپورٹس میں دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ حملے میں جانی نقصان ہوا ہے، تاہم اس حوالے سے کسی سرکاری ادارے کی جانب سے باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا۔ واقعے کی ذمہ داری بھی تاحال کسی نے باضابطہ طور پر قبول نہیں کی،

دوسری جانب نوشکی میں مسلح افراد نے ٹرالر گاڑی کو نذر آتش کردیا۔

نوشکی کے علاقے کچکی میں کوئٹہ تفتان مرکزی شاہراہ پر مسلح افراد نے این ٹرالر گاڑی کو نذر آتش کردیا، جس سے ٹرک جل کر تباہ ہوگیا۔ مسلح افراد نے ڈرائیور اور کلینڈر کو چھوڑ دیا۔

یاد رہے کہ بلوچستان بھر میں بلوچ آزادی پسندوں کی جانب سے بڑے پیمانے پر معدنیات لے جانے والے ٹرکوں کو نشانہ بنایا جارہا ہے، جبکہ اس دوران مسلح افراد کی ناکہ بندی اور مذکورہ گاڑیوں کو سیکیورٹی فراہم کرنے والے پاکستانی فورسز کے اہلکار بھی حملوں کا نشانہ بنے ہیں۔

سنگر نیوز واٹس ایپ چینل بلوچستان کی تازہ ترین، موثق اور لمحہ بہ لمحہ خبروں سے باخبر رہنے کے لیے ہمارے واٹس ایپ چینل کو فالو کیجیے۔
Share This Article