بلوچستان کے ضلع کیچ کے مرکزی شہر تربت کے علاقے آبسر میں ایک گھر پر دستی بم حملے میں ایک شخص ہوگیا۔اسی طرح ضلع کیچ کے علاقے ناصر آباد میں فائرنگ کے ایک واقعہ میں ایک شخص ہلاک ہوگیا جبکہ چاغی سے ایک نعش برآمدہوئی ہے جس کی تاحال شناخت نہیں ہوسکی ۔
تربت شہر کے علاقے آبسر میں نامعلوم موٹرسائیکل سواروں نے ایک گھر پر دستی بم حملہ کر دیا جس کے نتیجے میں ایک شخص زخمی ہو گیا۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق نامعلوم افراد نے میر احمد ولد علی احمد سکنہ یعقوب محلہ آبسر کے گھر کی چار دیواری کے اندر دستی بم پھینکا جو زور دار دھماکے سے پھٹ گیا۔
دھماکے کے نتیجے میں میر احمد ولد علی احمد زخمی ہو گئے، جنہیں طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
واقعے کے بعد سیکورٹی فورسز نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کرنا شروع کر دیے، جبکہ حملہ آوروں کی تلاش اور واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔
دوسری جانب ضلع کیچ کے مرکزی شہر تربت سے چالیس کلومیٹر میرانی ڈیم کے قریب ناصر آباد میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے ایک شخص ہلاک ہو گیا۔
پولیس کی جانب سے فراہم کی گئی ابتدائی اطلاعات کے مطابق مقتول کی شناخت تاحال نہیں ہو سکی۔
اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچ گئی، جائے وقوعہ کا معائنہ کیا اور لاش کو ضروری قانونی کارروائی اور شناخت کے لیے ٹیچنگ ہسپتال تربت منتقل کر دیا۔
پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں، جبکہ حملہ آوروں اور قتل کی وجوہات کا تعین کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
دریں اثناضلع چاغی کے علاقے زیارت بلانوش روڈ سے ایک شخص کی لاش برآمد ہوئی ہے جس کی تاحال شناخت نہیں ہوسکی ہے۔
ہسپتال ذرائع کے مطابق، لاش ایک خالی کمرے سے ملی، جہاں متوفی گلے میں پھندا ڈالے لٹکا ہوا تھا۔
واقعے کی اطلاع ملنے پر متعلقہ حکام نے لاش کو تحویل میں لے کر ضروری قانونی کارروائی کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ متوفی کی تاحال شناخت نہیں ہو سکی، جبکہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔
پولیس واقعے کی نوعیت اور دیگر پہلوئوں کا جائزہ لے رہی ہے۔