بلوچستان کے ضلع سبی کے علاقے بختیارآبادمیں شاہراہ پر تعینات پولیس اہلکار نے ڈیوٹی کے دوران فائرنگ کرکے خودکشی کرلی ۔جبکہ ضلع کیچ کے بالگتر میں تیز رفتار پراڈو کی ٹکر سے 11 سالہ بچہ ہلاک ہوگیا،ڈرائیور کوگرفتار کرلیا گیا۔
بختیارآبادسے اطلاعات ہیں کہ قومی شاہراہ پولیس چوکی پر تعینات پولیس اہلکار نے سرکاری ڈیوٹی کے دوران سرکاری رائفل سےفائرنگ کرکے خودکشی کرلی ۔
پولیس کے مطابق بختیارآباد پولیس تھانہ کی حدود مین شاہراہ پر قایم پولیس چوکی شہید بادشاہ پر تعینات پولیس اہلکار نے دوران ڈیوٹی سرکاری اسلحے سے فائرنگ کرکے خودکشی کرلی ۔
واقعے کی اطلاع پر ڈی ایس پی بختیاراباد اور ایس ایچ او پولیس نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے اور لاش سول اسپتال بختیاراباد منتقل کردی گئی۔
خودکشی کرنے کی فوری وجوہات معلوم نہ ہوسکیں واقعے کے بارے میں بختیارااباد پولیس مزید تحقیقات کر رہی ہے ۔
دوسری جانب ضلع کیچ کے ہوشاب کے علاقے بالگتر میں پراڈو گاڑی کی ٹکر سے 11 سالہ سدھیر ولد سلیم سکنہ بالگتر، موقع پر ہلاک ہوگیا۔
ذرائع کے مطابق حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا جس میں کمسن بچہ شدید زخمی ہونے کے باعث موقع پر ہی دم توڑ گیا۔
واقعے کے بعد پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے گاڑی کے ڈرائیور کو موقع سے گرفتار کرلیا جبکہ مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔