مہذب دنیا بلوچستان کی نگرانی کرے کہ پاکستان بلوچ خواتین کارکنان کے ساتھ کیسا سلوک کررہا ہے، نسیم بلوچ

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

بلوچ نیشنل موومنٹ ( بی این ایم ) کے چیئر مین ڈاکٹر نسیم بلوچ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر کوئٹہ میں بی وائی سی خواتین مظاہرین کے خلاف کریک ڈائون اور سمی دین بلوچ کے گھر پر فورسز کے چھاپے کو ایک قابض ریاست کا طرز عمل قرار دیتے ہوئے اس کی شدید مذمت کی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ آج کوئٹہ میں، BYC رہنماؤں کے اہل خانہ کو پرامن احتجاج کرنے سے پہلے ہی دھمکیوں کا سامنا کرنا پڑا۔ اسی دن سمی دین بلوچ کے گھر پر ریاستی فورسز نے چھاپہ مارا۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ کوئی الگ تھلگ عمل نہیں ہے۔ یہ ایک قابض ریاست کا طرز عمل ہے جو بلوچ خواتین، خاندانوں اور پرامن سیاسی مزاحمت کی آواز سے خوفزدہ ہے۔

بی این ایم چیئر مین کا کہنا تھا کہ ہمیں پاکستان سے کوئی شکایت نہیں۔ مظلوم قوموں کے خلاف تشدد، چھاپے، گرفتاریاں اور تذلیل ہمیشہ سے قابضین کے آلہ کار رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہماری اپیل عالمی برادری اور مہذب دنیا سے ہے: بلوچستان کی کڑی نگرانی کریں۔ دیکھیں کہ پاکستان ہماری نوجوان خواتین کارکنوں، لاپتہ افراد کے اہل خانہ اور پرامن طریقے سے انصاف کا مطالبہ کرنے والوں کے ساتھ کیسا سلوک کرتا ہے۔

ڈاکٹر نسیم بلوچ کے مطابق یہ واقعات ایک بار پھر ثابت کرتے ہیں کہ بلوچ قوم کے تحفظ، وقار اور آزادی کی ضمانت صرف ایک آزاد اور خودمختار بلوچستان میں دی جا سکتی ہے۔

سنگر نیوز واٹس ایپ چینل بلوچستان کی تازہ ترین، موثق اور لمحہ بہ لمحہ خبروں سے باخبر رہنے کے لیے ہمارے واٹس ایپ چینل کو فالو کیجیے۔
Share This Article