بلوچستان کے علاقے ڈیرہ بگٹی میں دو گروہوں میں فائرنگ کے باعث 2 افراد ہلاک ہوگئے جبکہ خضدار وہیر وڈھ شاہراہ پر دو موٹر سائیکلوں کے درمیان ٹکر سے ایک شخص ہلاک اور ایک زخمی ہوگیا۔
ضلع ڈیرہ بگٹی کے علاقے ریخو جنترو میں پرانی رنجش کی بنا پر فائرنگ کے باعث شمبانی بگٹی قبائل سے تعلق رکھنے والے 2 افراد ہلاک ہوگئے۔
ذرائع کے مطابق گزشتہ روز صوبہ پنجاب سے متصل ضلع ڈیرہ بگٹی کے علاقے ریخو جنترو میں پرانی دشمنی کے باعث شمبانی بگٹی قبائل کے دو گروہوں کے مابین فائرنگ کے باعث دو افراد ہلاک ہوگئے ۔
ہلاک ہونے والے افراد کی شناخت میرحسن ولد مانجھی شمبانی اور محمد حسن عرف مٹھو ولد جاڑا شمبانی کے ناموں سے کی گئی۔
دوسری جانب ضلع خضدار کے علاقے وڈھ وہیر قومی شاہراہ پرتیز رفتاری کے باعث دو موٹر سائیکلوں کے درمیان ٹکر کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک اور ایک زخمی ہوگیا۔
عینی شاہدین کے مطابق دونوں موٹرسائیکل سوار تیز رفتاری سے آرہے تھے کہ اچانک ٹکر ہوگئی۔
حادثے میں پھیشی ڈاکخانہ تحصیل وڈھ کے رہائشی میر محمد ولد محمد موقع پر ہی دم توڑ گیا جبکہ دوسرے شخص کو زخمی حالت میں فوری طور پر خضدار ٹراما سینٹر منتقل کردیا گیا۔
پولیس نے موقع پر پہنچ کر لاش کو قانونی کارروائی کے بعد ورثا کے حوالے کر دیا۔
مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ وڈھ وہیر قومی شاہراہ پر تیز رفتاری اور لاپرواہی کے باعث ایسے حادثات روز کا معمول بن چکے ہیں، انتظامیہ اس حوالے سے موثر اقدامات اٹھائے۔