بلوچستان کے علاقے تمپ میں فائرنگ کے ایک واقعاہ میں ایک شخص ہلاک ہوگیا جبکہ پنجگور سے 6 لاشیں برآمدہونے کی اطلاعات موصل ہوئی ہیں۔
تمپ ضلع کے علاقے آسیاآباد میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے ایک شخص ہلاک ہوگیا۔
مقامی ذرائع کے مطابق عقیل ولد عبد الستار سکنہ آسیہ آباد، اپنی دکان کے سامنے بیٹھے ہوئے تھے کہ اس دوران ایک کرولا گاڑی میں سوار مسلح افراد نے ان پر فائرنگ کر دی۔
فائرنگ کے نتیجے میں عقیل شدید زخمی ہوگئے اور موقع پر ہی دم توڑ گئے۔
واقعے کے بعد حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔تاہم قتل کی وجوہات تاحال معلوم نہ ہوسکیں۔
دوسری جانب ضلع پنجگور سے 6 لاوارث لاشیں برآمد ہوئی ہیں، جنہیں شناخت اور قانونی کارروائی کے لیے پنجگور ٹیچنگ ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ان میں 2لاشوں کی شناخت اجمیرولد رحیم جان،پیرجان ولد وزیر ساکن گرمکان کے نام سے ہوئی ہے جبکہ باقی کا تاحال شناخت کے حوالے سے کوئی پیش رفت سامنے نہیں آئی، جبکہ ان افراد کے قتل کی وجوہات بھی معلوم نہیں ہو سکیں۔
واقعے کے بعد علاقے میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے، جبکہ شہری حلقوں نے واقعے کی شفاف تحقیقات اور حقائق سامنے لانے کا مطالبہ کیا ہے۔