چمن،ڈیرہ مراد جمالی ، بھاگ اور کوئٹہ میں فائرنگ کے واقعات میں 8 افراد ہلاک

ایڈمن
ایڈمن
3 Min Read

بلوچستان کے علاقے چمن،ڈیرہ مراد جمالی ، بھاگ اور کوئٹہ میں فائرنگ کے مختلف واقعات میں 8 افراد ہلاک ہوگئے۔

چمن سے اطلاعات ہیں کہ توبہ اچکزئی کے علاقے میں دو مخالف گروہوں کے درمیان خونی تصادم اور اندھا دھند فائرنگ کے نتیجے میں 4 افراد موقع پر ہلاک جبکہ 2 افراد شدید زخمی ہوگئے۔

مقامی پولیس حکام کے مطابق، توبہ اچکزئی میں دو گروہوں کے مابین دیرینہ تنازع پر تلخ کلامی ہوئی، جس نے دیکھتے ہی دیکھتے ہولناک مسلح تصادم کی شکل اختیار کرلی اور دونوں جانب سے ایک دوسرے پر جدید ہتھیاروں سے شدید فائرنگ کی گئی۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور لیویز کی بھاری نفری فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئی، جنہوں نے حالات کو کنٹرول میں لیا۔

امدادی ٹیموں نے ہلاک ہونے والے چاروں افراد کی لاشوں اور دونوں شدید زخمیوں کو فوری طور پر ٹراما سینٹر میزئی اڈہ منتقل کیا۔

واقعے کے بعد علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا، جبکہ پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر کے ملزمان کی گرفتاری اور مزید تفتیش کا آغاز کر دیا ہے۔

دوسری جانب ڈیرہ مراد جمالی کے علاقے کچی پھاٹک کے قریب گھریلو تنازعہ پر بیٹے نے مبینہ طور پر فائرنگ کرکے اپنے والد کو قتل کردیا۔

واقعے کے بعد پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کرلیے۔

واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔

اسی طرح بھاگ سے کوئٹہ جانے والی مسافر ویگن سے عارف علی نامی نوجوان کو نامعلوم مسلح افراد نے اتار کر فائرنگ کرکے ہلاک کردیا۔

قتل کی وجہ فوری طور پر معلوم نہ ہو سکی جبکہ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے تحقیقات شروع کردی ہیں۔

ادھر کوئٹہ میں فائرنگ کے دو واقعات میں 2 افراد ہلاک ہوگئے ۔

کوئٹہ کے علاقے گاہی خان چوک کے قریب نامعلوم مسلح افراد نے اندھا دھند فائرنگ کر کے ایک شخص کو قتل کر دیا اور موقع سے فرار ہو گئے۔

چھیپا ویلفیئر بلوچستان کے ترجمان کے مطابق فائرنگ کے نتیجے میں ہلاک شخص کی شناخت 30 سالہ علی احمد ولد سلطان، قوم ابابکی کے نام سے ہوئی ہے۔

دوسرے واقعہ میں کوئٹہ کے علاقے لنک روڈ ہزارگنجی روڈ ازبک بازار کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے رکشہ ڈرائیور ہلاک ہوگیا۔

واقعے کے بعد حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

پولیس نے لاش تحویل میں لے کر اسپتال منتقل کی، جبکہ ملزمان کی تلاش کے لیے کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔

سنگر نیوز واٹس ایپ چینل بلوچستان کی تازہ ترین، موثق اور لمحہ بہ لمحہ خبروں سے باخبر رہنے کے لیے ہمارے واٹس ایپ چینل کو فالو کیجیے۔
Share This Article