بلوچستان کے مرکزی شہر کوئٹہ میں فوجی ٹرین پر دھماکے کے واقعہ کے بعد سیکورٹی سخت کردی گئی ہے ۔ عید کے پہلے روزبلوچستان سے ٹرین سروس معطل اور عید پر اجتماعات سمیت سیاحتی مقامات پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔
بلوچستان سے ٹرین سروس معطل کرنے کے حوالے سے ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ ناگزیر وجوعات کی بنا پر عید کے پہلے دو روز میں بلوچستان سے ٹرین سروس معطل کی گئی ہے۔
کوئٹہ سے ریلوے حکام کے مطابق پشاور جانے والی جعفر ایکسپریس کی27 اور 28 مئی کو روانگی منسوخ کی گئی ہے۔
ریلوے حکام کے مطابق کوئٹہ آنے والی جعفر ایکسپریس دو دن جیکب آباد تک محدود رہے گی، کل (منگل) جعفر ایکسپریس مقررہ وقت پر روانہ ہوگی۔کراچی کیلئے بولان میل اور چمن کیلئے چمن پسنجر ٹرینیں پہلے ہی معطل ہیں۔
دوسری جانب ڈپٹی کمشنر زیارت کے مطابق حکومت بلوچستان کے محکمہ داخلہ و قبائلی امور کے احکامات کی روشنی میں ضلع بھر میں پہلے ہی دفعہ 144 نافذ ہے جبکہ عیدالاضحیٰ کے دوران اجتماعات اور ہجوم بھی پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
اعلامیے کے مطابق زیارت کے سیاحتی مقامات زیرو پوائنٹ، زریزری اور ڈومیارہ پر پکنک منانے اور غیر مقامی سیاحوں کے داخلے پر پابندی ہوگی۔ تاہم مقامی آبادی کو اس پابندی سے مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر زیارت نے خبردار کیا ہے کہ احکامات کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف ضابطہ فوجداری 1898 کے تحت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ ادھر ضلع ہرنائی میں بھی عیدالاضحیٰ کے موقع پر تمام پکنک پوائنٹس پر جانے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
ڈپٹی کمشنر ہرنائی کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق موجودہ امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر 26 مئی سے 30 مئی تک پابندی نافذ رہے گی۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پری چشمه، ڈومیارہ، اختری، وام تنگی، اسپین تنگی، ازمری شور، شاہرگ، انجیر، زندھیر اور دیگر تفریحی مقامات پر پکنک منانے کی اجازت نہیں ہوگی۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز اتوار 24 مئی کو کوئٹہ میں چمن پھاٹک پر شٹل ٹرین جو پاکستانی فوج کے اہلکاروں کو کینٹ سے ریلوے اسٹیشن تک لے جارہی تھی کو فدائی حملے کے ذریعے نشانہ بنایا گیاتھا جس میں متعدد افراد ہلاک و زخمی ہوئے جس کی ذمہ داری بی ایل اے نے قبول کرتے ہوئے کہا کہ یہ حملہ اس کے مجید بریگیڈ یونٹ کی فدائی بلال شاہوانی نے سرانجام دیا ہے جس میں 82 فوجی اہلکار ہلاک ہوئے جبکہ سرکاری سطح پر دعویٰ کیا جارہا ہے کہ ہلاکتوں کی تعداد 14 ہے اور 30 سے زائد زخمی ہیں۔