بلیدہ میں فائرنگ کے ایک اور واقعہ میں ایک شخص ہلاک،پنجگور سے لاش برآمد

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read
The dead man's body. Focus on hand

بلوچستان کے ضلع کیچ کے علاقے بلیدہ میں فائرنگ کے ایک اور واقعہ میں ایک شخص ہلاک ہوگیا جبکہ پنجگور میں وشاپ رخشاں پل کے قریب گولیوں سے چھلنی نعش برآمدہوئی ہے۔

ضلع کیچ کی تحصیل بلیدہ میں صدر پولیس تھانہ بلیدہ کی حدود سوراپ میں فائرنگ کے ایک اور واقعہ میں مہران ولد شریف نامی نوجوان ہلاک ہو گیا۔

واقعہ اس وقت پیش آیا جب مقتول اپنی دکان بند کرکے گھر جارہا تھا۔

یاد رہے کہ اس سے قبل ،اسی دن فائرنگ کے ایک واقعے میں چب بلیدہ کے رہائشی سلیم ولد پشمبے کونامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کرکے ہلاک کردیا تھا۔

پولیس کے مطابق دونوں واقعات کے بعد لاشوں کو ضروری کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا جبکہ حملہ آوروں کی تلاش کے لیے کارروائی شروع کردی گئی ہے۔

یہ دونوں واقعات جمعرات کی شام مختلف مقامات پر پیش آئے جن کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

دوسری جانب پنجگور کے علاقے وشاپ رخشاں پل کے قریب پولیس تھانہ سریکوران کو ایک نامعلوم شخص کی لاش ملی ہے جسے گولیاں مار کر قتل کیا گیا۔

پولیس کے مطابق لاش کو شناخت کے لیے ٹیچنگ ہسپتال منتقل کیا جا رہا ہے، جبکہ واقعے کی مزید تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مقتول کی شناخت اور قتل کے محرکات جاننے کیلئے مختلف پہلوؤں سے تفتیش جاری ہے۔

سنگر نیوز واٹس ایپ چینل بلوچستان کی تازہ ترین، موثق اور لمحہ بہ لمحہ خبروں سے باخبر رہنے کے لیے ہمارے واٹس ایپ چینل کو فالو کیجیے۔
Share This Article