بلوچستان کے ضلع کیچ میں پاکستانی فورسزنے فائرنگ کرکے ایک بزرگ شخص قتل کردیا۔جبکہ پنجگور سے ایک لاپتہ شخص کی لاش برآمد ہوئی ہے۔
ضلع کیچ کے علاقے دشت درچکوہ میں آج بروزبدھ کو فائرنگ کے ایک واقعے میں ایک بزرگ شہری ہلاک ہوگیا۔
علاقائی ذرائع کا کہنا ہے کہ واقعہ اُس وقت پیش آیا جب پاکستانی فورسز کی جانب سے فائرنگ کی گئی، جس کے نتیجے میں بزرگ شخص موقع پر ہی جان کی بازی ہار گیا۔
مقتول کی شناخت شیر دل ولد وشدل، ساکن درچکوہ کے نام سے ہوئی ہے۔
واضح رہے کہ دشت اور گردونواح کے علاقوں میں اس نوعیت کے واقعات ماضی میں بھی پیش آتے رہے ہیں۔
دوسری جانب پنجگور کے تحصیل پروم کے علاقے کلگ کور سے ایک شخص کی لاش برآمد ہوئی ہے، جس کی شناخت محسن ولد مسلم کے نام سے ہوئی ہے۔
ذرائع کے مطابق مقتول کا نام جبری گمشدگان میں شامل افراد سے بتایا جا رہا ہے۔
اطلاعات کے مطابق محسن ولد مسلم کی گمشدگی کے بعد آج ان کی لاش علاقے سے برآمد ہوئی۔
لاش کو ضروری کارروائی کے لیے متعلقہ حکام کے حوالے کر دیا گیا ہے، جبکہ واقعے کے حوالے سے مزید تفصیلات سامنے آنے کا انتظار ہے۔