امریکی صدر ٹرمپ نے ایران پر طے شدہ حملہ موخر کردیا

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ مشرقِ وسطیٰ کے اہم رہنماؤں کی درخواست پر ایران پر متوقع فوجی حملہ مؤخر کر دیا گیا ہے۔

ایک بیان میں ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی، سعودی عرب کے ولی عہد محمد بن سلمان اور متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان نے ان سے اپیل کی کہ ایران کے خلاف طے شدہ کارروائی روک دی جائے کیونکہ اس وقت اہم سفارتی مذاکرات جاری ہیں۔

ڈونلڈ ٹرمپ کے مطابق ان رہنماؤں کی رائے ہے کہ مذاکرات کے نتیجے میں ایسا معاہدہ ممکن ہے جو نہ صرف امریکہ بلکہ مشرقِ وسطیٰ اور دیگر ممالک کے لیے بھی قابلِ قبول ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ مجوزہ معاہدے میں یہ بات یقینی بنائی جائے گی کہ ایران جوہری ہتھیار حاصل نہیں کرے گا۔

ٹرمپ نے مزید کہا کہ ان رہنماؤں کے احترام میں انھوں نے امریکی حکام اور فوج کو ہدایت دی ہے کہ ایران پر کل متوقع حملہ نہ کیا جائے۔ تاہم انھوں نے یہ بھی واضح کیا کہ اگر قابل قبول معاہدہ نہ ہو سکا تو امریکی فوج کو کسی بھی وقت بڑے پیمانے پر کارروائی کے لیے تیار رہنے کو کہا گیا ہے۔

سنگر نیوز واٹس ایپ چینل بلوچستان کی تازہ ترین، موثق اور لمحہ بہ لمحہ خبروں سے باخبر رہنے کے لیے ہمارے واٹس ایپ چینل کو فالو کیجیے۔
Share This Article