تربت میں ایک شخص قتل ، حب چوکی سے لاپتہ راشد حسین کا کزن بھی جبری لاپتہ

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

بلوچستان کے ضلع کیچ کے مرکزی شہر تربت کے نواحی علاقے کلاتک میں نامعلوم موٹر سائیکل سواروں کی فائرنگ سے ایک شخص ہلاک ہوگیا جبکہ حب چوکی میں پاکستان رینجرز نے گھر پر چھاپہ مارکر لاپتہ راشد حسین کے کزن حلیم زہری کو حراست میں لیکر جبری طور پر لاپتہ کردیا ہے۔

تربت کے علاقے کلاتک میں نامعلوم موٹر سائیکل سواروں کی فائرنگ کے نتیجے میں وارث ولد عبدالرشید نامی ایک شخص ہلاک ہوگیا۔

واقعے کے بعد حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

لاش کو ضروری کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے، جبکہ پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔

دوسری جانب رات گئے پاکستانی فورسز نے حب چوکی میں ایک گھر پر دھاوا بو ل کر ایک نوجوان کو جبری گمشدگی کا نشانہ بنایا۔

حب سے موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق رات گئے رینجرز اور دیگر پاکستانی فورسز اہلکار الہٰ آباد ٹاؤن میں ایک گھر میں داخل ہوئے، جہاں انہوں نے توڑ پھوڑ کی اور وہاں موجود خضدار، زہری کے رہائشی حلیم زہری ولد عبدالقادر کو حراست میں لے کر اپنے ہمراہ نامعلوم مقام پر منتقل کردیا۔

حلیم زہری کے بارے میں بتایا گیا ہے کہ ایک ہفتہ قبل بھی پسنی کے قریب پاکستانی فورسز نے انہیں تحویل میں لے کر اپنے ہمراہ منتقل کیا تھا، تاہم بعد ازاں انہیں رہا کر دیا گیا تھا۔

ذرائع کے مطابق رات گئے رینجرز نے ایک بار پھر انہیں حراست میں لینے کے بعد لاپتہ کردیا ہے۔

حلیم زہری لاپتہ بلوچ سیاسی کارکن راشد حسین کے چچا زاد ہیں اور ایرانی سرحد پر مزدوری کرتے ہیں، اس سے قبل زہری آپریشن کے دوران پاکستانی فورسز نے ان کے بھائی منان زہری کو بھی جبری گمشدگی کا نشانہ بنایا تھا۔

سنگر نیوز واٹس ایپ چینل بلوچستان کی تازہ ترین، موثق اور لمحہ بہ لمحہ خبروں سے باخبر رہنے کے لیے ہمارے واٹس ایپ چینل کو فالو کیجیے۔
Share This Article