بلیدہ اور کوئٹہ میں خاتون سمیت 2 افراد قتل

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

بلوچستان کے علاقے بلیدہ اور کوئٹہ میں خاتون سمیت 2 افرادکو قتل کردیا گیا ہے۔

ضلع کیچ سے اطلاعات ہیں کہ بلیدہ کے علاقے میناز مین چوک پر نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک اور دوسرا زخمی ہو گیا۔

مقامی ذرائع کے مطابق ہلاک اور زخمی ہونے والوں کی شناخت راشد ولد عبد الرشید اور اسماعیل ولد سفر کے ناموں سے ہوئی ہے۔

واقعے کے بعد حملہ آور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے، جبکہ ہلاک اور زخمی کو قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

فائرنگ کے محرکات فوری طور پر معلوم نہیں ہو سکے، جبکہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔

دوسری جانب کوئٹہ میں شوہر نے گھریلو تنازع پر بیوی کو سر پر کدال مار کر قتل کردیا۔

پولیس کے مطابق واقعہ ائیرپورٹ تھانے کی حدود میں غازی آباد بلیلی کے علاقے میں پیش آیا جہاں ملزم نے اپنی اہلیہ فرزانہ کو سر پر کدال کے وار کرکے قتل کردیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ اطلاع ملنے پر اہلکار موقع پر پہنچ گئے اور مقتولہ کی لاش کو ضروری کارروائی کے لیے سول اسپتال منتقل کیا جارہا ہے۔

ابتدائی تحقیقات کے مطابق واقعہ گھریلو تنازع کا نتیجہ معلوم ہوتا ہے، جبکہ ملزم واردات کے بعد فرار ہوگیا۔

پولیس کے مطابق ملزم کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جارہے ہیں۔

پولیس نے بتایا کہ واقعے کی مزید تحقیقات سیرئیس کرائم انویسٹی گیشن ونگ کے سپرد کردی گئی ہیں۔

سنگر نیوز واٹس ایپ چینل بلوچستان کی تازہ ترین، موثق اور لمحہ بہ لمحہ خبروں سے باخبر رہنے کے لیے ہمارے واٹس ایپ چینل کو فالو کیجیے۔
Share This Article