آسٹریلیا نے بی ایل اے کے سربراہ بشیر زیب سمیت 3 رہنماؤں پرپابندیاں عائد کر دیں

ایڈمن
ایڈمن
3 Min Read

بلوچستان کی آزادی کے لئے سرگرم ومتحرک مسلح تنظیم بلوچ لبریشن آرمی ( بی ایل اے) کے سربراہ بشیر زیب سمیت تین رہنمائوں پر آسٹریلیا نے پابندیاں عائد کردی ہیں۔

آسٹریلوی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا کہ بلوچستان لبریشن آرمی پاکستان میں دہشتگردانہ حملوں میں ملوث ہے، ان حملوں میں پاکستانی اور غیر ملکی شہریوں، اہم تنصیبات اور ریاستی اداروں کو نشانہ بنایا گیا۔

بیان کے مطابق آسٹریلیاکا دہشتگردی اور پرتشدد انتہا پسندی کےخلاف مقابلہ کرنے کا عزم غیرمتزلزل ہے، پابندیوں کا مقصد دہشتگروں کی مالی معاونت روکنا ہے تاکہ ان کے لیے کارروائیاں کرنا، بھرتیاں کرنا اور انتہاپسند نظریات پھیلانا مشکل بنایا جاسکے۔

آسٹریلوی حکومت نے کہا کہ وہ عالمی شراکت داروں کے ساتھ مل کر ایسے نیٹ ورکس کے خلاف کارروائیاں جاری رکھے گی جو علاقائی اور عالمی سلامتی کے لیے خطرات کا باعث بنتے ہیں۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ پابندیوں کی زد میں آنے والے افراد اور تنظیم کے اثاثوں کا استعمال، لین دین یا انہیں مالی وسائل فراہم کرنا آسٹریلوی قانون کے تحت جرم ہوگا، خلاف ورزی کی صورت میں بھاری جرمانے اور 10 سال تک قید کی سزا ہوسکتی ہے۔

آسٹریلوی حکومت نے بی ایل اے کی جن تین رہنمائوں پر پابندی کا اعلان کیا ہے ان میں بی ایل اے کے کمانڈر ان چیف بشیر زیب بلوچ، تنظیم کے ترجمان جیئند بلوچ اور ایک اور حمّل بلوچ شامل ہیں۔

یہ اقدام بی ایل اے کو "دہشت گرد تنظیم” قرار دینے والا چوتھا ملک ہے، اس سے قبل پاکستان، برطانیہ اور امریکہ بھی اس تنظیم کو دہشت گرد قرار دے چکے ہیں۔

مبصرین کے مطابق بی ایل اے خطے کی سب سے منظم عسکری تنظیموں میں شمار ہوتی ہے۔

بی ایل اے نے رواں سال فروری میں بلوچستان بھر میں کارروائیوں کے دوران خطے کی سب سے بڑی مربوط خودکش حملہ کیا تھا۔

تنظیم کا کہنا ہے کہ وہ "بلوچستان کی آزادی” کے لیے لڑ رہی ہے اور پاکستانی فوجی اہلکاروں،ریاستی مخبر، مالیاتی ڈھانچے اور بلوچستان میں قومی وسائل کی لوٹ کھسوٹ میں ملوث غیر ملکی شہریوں کو نشانہ بنانے کا عمل جاری رکھے ہوئے ہے۔

تاہم پاکستان کا الزام ہے کہ بی ایل اے "بھارت اور افغانستان کی پراکسی” کے طور پر کام کرتی ہے، جسے دونوں ممالک مسترد کرتے ہیں اور اس تنازع کو پاکستان کا داخلی معاملہ قرار دیتے ہیں۔

سنگر نیوز واٹس ایپ چینل بلوچستان کی تازہ ترین، موثق اور لمحہ بہ لمحہ خبروں سے باخبر رہنے کے لیے ہمارے واٹس ایپ چینل کو فالو کیجیے۔
Share This Article