بلوچستان کے مرکزی شہر کوئٹہ کے علاقے سریاب میں فائرنگ کے ایک واقعہ میں 2 نوجوان ہلاک اور ایک راہ گیر خاتون زخمی ہوگئی۔
پولیس کے مطابق گزشتہ شب کوئٹہ کے نواحی علاقے سریاب روڈ پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں محمد علی اور نصیر احمد نامی دو نوجوان موقع پر ہلاک جبکہ ایک راہ گیر خاتون مسماۃ (ن) سکنہ سریاب زخمی ہوگئی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا اور ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ۔
پولیس نے کہا کہ ہلاک ہونے والوں کا تعلق ڈھاڈر سے بتایا جاتا ہے واقعہ دیرینہ رنجش کا شاخسانہ ہے۔
دوسری جانب مقامی افراد کا کہنا ہے کہ سریاب روڈ پر پیش آنے والے واقعے میں ہلاک ہونے والے نوجوانوں کا تعلق جتوئی قبیلے سے ہے اور ان کی شناخت ریاض جتوئی اور نصیر احمد ولد عبدالفتح جتوئی کے نام سےکی ہے۔
مقامی ذرائع نے کا کہنا ہے کہ دونوں نوجوان مبینہ طور پر قبائلی دشمنی کا نشانہ بنے۔
واقعے کے بعد لاشیں سنڈیمن ہسپتال کوئٹہ منتقل کی گئیں جہاں بڑی تعداد میں جتوئی قبیلے سے تعلق رکھنے والے افراد جمع ہو گئے۔