بلوچستان کے علاقے قلعہ عبداللہ،اوتھل ، گومازی اور بلیدہ میں فائرنگ کے مختلف واقعات میں پنجاب کا رہائشی سمیت 3 افراد ہلاک اور ایک زخمی ہوگیا۔
پنجاب کے شہر خانیوال سے تعلق رکھنے والے غیر مقامی رہائشی عدیل ارشد کو ضلع لسبیلہ کے علاقے اوتھل میں نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کر کے قتل کر دیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ اسے ان کی کیڑے مار دوا کی دکان پر نشانہ بنایا گیا۔
چھ گولیوں کے خول برآمد کر کے لاش کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
دوسرا واقعہ ضلع قلعہ عبداللہ میں پیش آیا جہاں فائرنگ کے ایک واقعہ میں علی محمد ولد فدا محمد ( غبیزئی)نامی شخص موقع پر ہلاک ہو گیا۔
واقعے کے فوری بعد لواحقین نے لاش کو ٹراما سینٹر میزئی اڈہ کی ایمرجنسی میں منتقل کیا۔
اسپتال ذرائع کے مطابق ضروری قانونی کارروائی اور پوسٹ مارٹم کے بعد میت کو تدفین کے لیے لواحقین کے حوالے کر دیا جائے گا۔
اسی طرح ضلع تمپ کے علاقے گومازی میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ کے نتیجے میں ایک شخص موقع پر ہلاک ہو گیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق مقتول کی شناخت عزت ولد غلام قادر، سکنہ گومازی کے طور پر ہوئی ہے۔
علاوہ ازیں بلیدہ میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے نوجوان زخمی ہوگیا۔
ذرائع کے مطابق ظہیر احمد ولد منیر احمد، سکنہ سلو بلیدہ اپنی موٹر سائیکل پر جا رہے تھے کہ اس دوران دو نامعلوم مسلح افراد نے ان پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہو گئے۔
واقعے کے بعد زخمی کو فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ واقعے کے بعد حملہ آور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
فائرنگ کے ان محرکات تاحال معلوم نہیں ہو سکے۔