بلوچستان کے ضلع خضدار کے علاقے زہری میں ایک مبینہ ڈرون حملے میں 2 افرادہلاک ہوگئے جبکہ سبی کے علاقے ڈھاڈر تا سوران روڈ پر مسلح افراد کی جانب سے ناکہ بندی کی گئی ہے۔
ضلع خضدار کی تحصیل زہری کے علاقے سوہندہ میں پاکستان فوج کے ڈرون حملے میں2 افراد ہلاک ہونے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔
مقامی ذرائع کے مطابق حملے کے نتیجے میں2 افراد موقع پر ہی جان کی بازی ہار گئے۔
علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ ڈرون حملے کے بعد شدید خوف کی فضا قائم ہے۔
یہ واقعہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب بلوچستان میں پاکستانی فورسز ڈرون کے استعمال کے حوالے سے پہلے بھی متعدد واقعات رپورٹ ہو چکے ہیں۔
اس قبل بھی زہری کے علاقے میں ڈرون حملوں میں عام لوگوں کے ہلاکتوں کے دعوے سامنے آتے رہے ہیں۔
واضح رہے کہ تقریباً ایک ماہ قبل بھی سوہندہ کے قریب ایک اور ڈرون حملہ ہوا تھا، جس میں 2 خواتین سمیت 4افراد ہلاک ہوئے تھے۔
دوسری جانب ڈھاڈر تا سوران روڈ پر ناکہ بندی قائم کیے جانے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔
ذرائع کے مطابق ڈھاڈر سے سوران جانے والی مرکزی شاہراہ پر نامعلوم افراد کی جانب سے ناکہ بندی کی گئی۔
اسی طرح گزشتہ روز سوراب کے علاقے میں بھی اسی نوعیت کی ناکہ بندی قائم کی گئی تھی، گاڑیوں کی تلاشی لی گئی۔
تاحال کسی جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی، ناہی واقعات کی ذمہ داری تاحال کسی نے قبول کی ہے۔