بلوچستان میں سرگرم مسلح تنظیم بلوچستان لبریشن فرنٹ (بی ایل ایف) نے آواران، کیچ، مند، اورماڑہ اور مشکے کے مختلف علاقوں میں کی گئی کارروائیوں کی ویڈیو فوٹیجز جاری کی ہیں جن میں پاکستانی فورسز اور ریاستی مشینری کو نشانہ بنانے کے مناظر دکھائے گئے ہیں۔
تنظیم کے مطابق یہ ویڈیوز اس کے میڈیا پلیٹ فارم “آشوب میڈیا” کے ذریعے جاری کی گئی ہیں، جو بی ایل ایف کا آفیشل چینل ہے۔
جاری کردہ ویڈیوز میں مبینہ طور پر دیسی ساختہ بم دھماکوں، گھات لگا کر کیے گئے حملوں، سڑکوں کی ناکہ بندی و اسنیپ چیکنگ سمیت سرکاری تعمیراتی مشینری کو نذرِ آتش کرنے کے مناظر شامل ہیں۔
ایک ویڈیو میں ایک فوجی گاڑی کو IED دھماکے کا نشانہ بنتے دکھایا گیا ہے، جس کے بارے میں تنظیم کا دعویٰ ہے کہ اس حملے میں گاڑی مکمل طور پر تباہ ہوئی اور اس میں سوار آٹھ اہلکار ہلاک ہوئے۔
تنظیم نے مزید دعویٰ کیا ہے کہ مختلف کارروائیوں میں درجنوں پاکستانی فوجی اہلکار مارے گئے، جبکہ ویڈیوز میں جنگجوؤں کو شاہراہوں پر ناکہ بندی کے دوران اسنیپ چیکنگ ،گھات لگا کر حملے کرتے اور ریاستی تعمیراتی مشینری کو آگ لگاتے ہوئے بھی دکھایا گیا ہے۔