بلوچستان کے علاقے حب ساکران اور ڈیرہ بگٹی کے کچھی کینال میں فائرنگ اور حادثے کے دو واقعات میں بچہ سمیت 3 افراد ہلاک ہوگئے۔جبکہ قلعہ سیف اللہ کے علاقے سے 2 روز قبل ٹریکٹر سمیت لاپتہ ہونے والے شخص کی نعش برآمدہوئی ہے۔
حب سے اطلاعات موصول ہوئی ہیں ساکران کے خدابخش گوٹھ میں زمین کے تنازع پر فائرنگ سے دو افراد ہلاک اور ایک زخمی ہوگیا۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق ضلع حب کےنواحی علاقے ساکران کے گاں خدابخش گوٹھ میں زمین کے تنازع پر فائرنگ کا افسوسناک واقعہ پیش آیا۔
پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والوں کی شناخت صابر اور شکیل کے نام سے ہوئی ہے، جبکہ عرفان زخمی ہوئے ہیں جنہیں فوری طور پر طبی امداد کے لیے منتقل کر دیا گیا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ہلاک شدگان اور فائرنگ کرنے والے آپس میں قریبی رشتہ دار ہیں اور واقعہ زمین کے تنازع پر پیش آیا۔
واقعے کے بعد پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کر لیے ہیں جبکہ مزید تحقیقات جاری ہیں ۔
پولیس کے مطابق ملزمان کی گرفتاری کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں اور واقعے کے تمام پہلوں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔
دوسری جانب ڈیرہ بگٹی میں کچھی کینال کے پانی میں ایک بچہ ڈوب کر ہلاک ہوگیا۔
بچے کی لاش ریسکیو کرکے لواحقین کے حوالے کردی گئی ۔
دریں اثنا قلعہ سیف اللہ کے علاقے سے 2 روز قبل ٹریکٹر سمیت لاپتہ ہونے والے شخص کی نعش برآمدہوئی ہے۔
گزشتہ روز قلعہ سیف اللہ کے علاقے سے ایک شخص کی نعش ملی نعش ہسپتال منتقل کردی گئی جس کی شناخت عبدالصمد کے نام سے کی گئی بتایا جاتا ہے کہ دو روز قبل وہ ٹریکٹر سمیت لاپتہ ہوا تھا۔
نعش ضروری کارروائی کے بعد ورثاءکے حوالے کردی گئی مزید کارروائی مقامی انتظامیہ کررہی ہے۔