پاکستان سپریم کورٹ کے آئینی عدالت کی جانب سے بلوچستان کے مرکزی شہر کوئٹہ کے بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے پر وکلا اور سیاسی جماعتوں نے شدید رد عمل کا اظہار کیا ہے۔
بلوچستان ہائی کورٹ کے باہر میڈ یاسے بات چیت کرتے ہوئے راحب بلیدی ایڈوکیٹ نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات عوام کا بنیادی حق ہیں اور ان کا ملتوی ہونا آئین کی صریح خلاف ورزی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بلدیاتی انتخابات سے متعلق کیس کی سماعت 21 جنوری کو ہوگی اور عدالت سے توقع ہے کہ عوام کے آئینی حقوق کی بحالی کے لیے مناسب فیصلہ دیا جائے گا۔
نیشنل پارٹی کے بلوچستان کے صدر اسلم بلوچ نے حکومت کی جانب سے انتخابات ملتوی کروانے کی درخواست کو "سمجھ سے بالاتر” قرار دیتے ہوئے کہا کہ سردی اور امن و امان کو بہانہ بنا کر انتخابات ملتوی کرنا عوام کے حق پر ڈاکہ ڈالنے کے مترادف ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم ہر صورت میں بلدیاتی انتخابات کروا کر رہیں گے تاکہ شہری اپنے نمائندے منتخب کر سکیں۔
پی ٹی آئی کے بلوچستان کے صدر داود شاہ کاکڑ نے کہا کہ حکومت بلدیاتی انتخابات سے رائے فرار اختیار کر رہی ہے اور اگر انتخابات ہوتے تو حکمرانوں کو شکست کا سامنا کرنا پڑتا۔
انہوں نے کہا کہ انتخابات ملتوی کر کے عوام کے سیاسی حق پر اثر انداز ہونے کی کوشش کی گئی ہے۔
سابق ڈپٹی میئر کوئٹہ یونس بلوچ نے وضاحت کی کہ بلدیاتی انتخابات میں تمام وارڈز میں ووٹرز کا اندراج درست نہیں تھا اور الیکشن کمیشن کی تیاری مکمل نہیں تھی۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر انتخابات ہوتے تو کافی پیچیدگیاں پیدا ہوتی، لیکن ملتوی ہونے سے الیکشن کمیشن کو اپنی خامیوں کو درست کرنے کا موقع مل گیا ہے۔
اس موقع پر مختلف رہنماؤں نے عدالت، حکومت اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا کہ عوام کے بنیادی حق کے تحفظ کے لیے فوری اور شفاف اقدامات کیے جائیں تاکہ شہری اپنے منتخب نمائندوں کے ذریعے مقامی حکومت میں حصہ لے سکیں اور بلدیاتی ادارے اپنی ذمہ داریاں موثر طور پر انجام دے سکیں۔
یاد رہے کہ بلوچستان کے کٹھ پتلی وزیر اعلیٰ سرفراز بگٹی نے سیکورٹی خدشات کے پیش نظر بلوچستان ہائیکورٹ میں بلدیاتی انتخابات ملتوی کرانے کی استدعا کی تھی جسے مسترد کردیا گیا تھا اور اب سپریم کورٹ کی آئینی عدالت نے حکومت کی جانب سے دائر کردہ درخواست پر بلدیاتی انتخابات کو ملتوی کردیا ہے ۔
کہا جاتا ہے کہ آئینی عدالت عسکری اسٹیبلشمنٹ اور حکومت کو ریلیف دینے کیلئے قائم کیا گیا ہے جہاں صرف انہی کے حق میں فیصلہ دیا جاتا ہے ۔