بلوچستان میں گڈز ٹرانسپورٹ کی ہڑتال جاری، کاروباری سرگرمیاں متاثر

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

بلوچستان میں گڈز ٹرک اونرز ایسوسی یشن کی ہڑتال پانچویں روز بھی جاری ہے جس سے کاروباری سرگرمیاں شدید متاثر ہیں۔

بلوچستان گڈز ٹرک اونرز ایسوسی یشن کے ترجمان کے مطابق پانچویں روز بھی مکمل ہڑتال رہی اورتمام کاروباری سرگرمیاں معطل رہے ۔

ان کا کہنا ہے کہ روڈ بالکل سنسان ہے کوئی بھی ہیوی ٹرک لوڈنگ ان لوڈنگ نہیں کر رہی ہے جب تک ہمارے مطالبات چارٹر آف ڈیمانڈ کے مطابق حل نہیں ہوتے تب تک بلوچستان گڈز ٹرک اونرز ایسوسی ایشن کی آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹرز کے ساتھ مکمل ہڑتال جاری رہے گا۔

یاد رہے کہ یہ ہڑتال پاکستان کے صوبہ پنجاب حکومت کی جانب سے گاڑیوں پر بھاری جرمانوں کے خلاف بلوچستان میں گڈز ٹرانسپورٹ مالکان نے شروع کردی ہے۔

ٹرانسپورٹروں نے ہزار گنجی سمیت بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ کے مختلف علاقوں میں ٹرکوں کو کھڑا کر دیا ہے۔

ہزارگنجی ٹرک سٹینڈ میں میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے گڈز ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن کے ترجمان روزی خان مندوخیل نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت کی جانب سے بھاری جرمانے عائد کیے گئے ہیں۔

انھوں نے اسے ناانصافی قرار دیتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت نے جو قانون بنایا ہے وہ ٹرانسپورٹروں سے مشاورت کے بغیر بنایا ہے۔

انھوں نے مطالبہ کیا کہ بھاری جرمانوں کے قانون اور ٹرک ڈرائیوروں کے خلاف درج ایف آئی آرز کو واپس لیا جائے۔

Share This Article