پنجاب میں گاڑیوں پر بھاری جرمانوں کے خلاف بلوچستان میں گڈز ٹرانسپورٹرز کی ہڑتال

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

پاکستان کے صوبہ پنجاب حکومت کی جانب سے گاڑیوں پر بھاری جرمانوں کے خلاف بلوچستان میں گڈز ٹرانسپورٹ مالکان نے ہڑتال شروع کردی ہے۔

ٹرانسپورٹروں نے ہزار گنجی سمیت بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ کے مختلف علاقوں میں ٹرکوں کو کھڑا کر دیا ہے۔

ہزارگنجی ٹرک سٹینڈ میں میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے گڈز ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن کے ترجمان روزی خان مندوخیل نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت کی جانب سے بھاری جرمانے عائد کیے گئے ہیں۔

انھوں نے اسے ناانصافی قرار دیتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت نے جو قانون بنایا ہے وہ ٹرانسپورٹروں سے مشاورت کے بغیر بنایا ہے۔

انھوں نے مطالبہ کیا کہ بھاری جرمانوں کے قانون اور ٹرک ڈرائیوروں کے خلاف درج ایف آئی آرز کو واپس لیا جائے۔

روزی خان مندوخیل نے کہا ہے کہ پہلے مرحلے میں ٹرکوں کو کھڑا کیا گیا ہے اور اگر گڈز ٹرانسپورٹروں کے مطالبات تسلیم نہیں کیے گئے تو وہ اپنے احتجاج میں شدت لائیں گے۔

ایک اور ٹرانسپورٹر حاجی نظام الدین نے بتایا کہ پنجاب میں جو گاڑیاں جاتی ہیں وہاں ڈرائیوروں کی بے توقیری کی جاتی ہے جبکہ چیک پوسٹوں پر بھاری جرمانے عائد کیے جاتے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ یہ ٹرانسپورٹروں کے لیے ناقابل برداشت ہے اس لیے ٹرانسپورٹرز یہ چاہتے ہیں کہ ڈرائیوروں کو عزت دی جائے اور بھاری جرمانوں کے قانون کو واپس لیا جائے۔

Share This Article