قلات میں پاکستانی فورسز پر حملہ،خضدار میں ایک شخص قتل

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

بلوچستان کے علاقے قلات میں پاکستانی فورسز کی گاڑی کو نامعلوم مسلح افراد نے ایک حملے میں نشانہ بنایا جبکہ خضدار میں فائرنگ سے ایک شخص ہلاک ہوگیا۔

ضلع قلات کے علاقے مرجان میں گزشتہ روز شام تقریباً پانچ بجے پاکستانی فورسز کی گاڑی پر مسلح افراد نے گھات لگا کر حملہ کیا۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق فورسز کے اہلکار ایک پروبکس گاڑی میں معمول کے گشت پر تھے کہ نامعلوم حملہ آوروں نے فائرنگ شروع کی۔

فائرنگ کے نتیجے میں پروبکس گاڑی میں آگ بھڑک اٹھی جبکہ دونوں جانب سے فائرنگ کا سلسلہ کافی دیر تک جاری رہا۔

مقامی ذرائع کے مطابق حملے میں جانی نقصان کا خدشہ ہے، تاہم سرکاری سطح پر ابھی تک کسی ہلاکت یا زخمی ہونے کی تصدیق نہیں کی گئی۔

حملے کی ذمہ داری تاحال کسی تنظیم نے قبول نہیں کی ہے۔

دوسری جانب خضدار کے بولان ایریا میں فائرنگ کے ایک واقعے میں ایک شخص ہلاک ہوگیا۔

پولیس کے مطابق مقتول کی شناخت محمد اشرف ولد حمزہ میراجی کے نام سے ہوئی ہے۔

ذرائع کے مطابق محمد اشرف، اسما جتک کے ماموں تھے۔

یاد رہے کہ اسما جتک اغوا کیس رواں سال کے آغاز میں سامنے آیا تھا اور بعد ازاں وہ بازیاب ہوگئی تھیں، جبکہ ان کی بازیابی کے لیے اہلِ خانہ نے احتجاج بھی کیا تھا۔

واقعے کے بعد پولیس نے جائے وقوعہ کا گھیراؤ کرکے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ لاش کو ضروری کارروائی کے بعد ورثا کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

تاہم ابھی تک قتل کے محرقات معلوم نہیں ہوسکے۔

Share This Article