بلوچستان کے ضلع گوادر کے تحصیل پسنی میں واقعہ شادی کور ڈیم اور سوڈ ڈیم سے گوادر شہر پانہ فراہم کر نے والی مین پائپ لائن آج دوبارہ پھٹ گئی۔
پائپ لائن پھٹنے سے لاکھوں گیلن پانی ضائع ہو گیا۔
سوشل میڈیا پر شیئر کی گئیں تصاویر اور ویڈیو فوٹیجز میں مکران کوسٹل ہائی وے کے شمالی جانب بنجر زمین پر لاکھوں گیلن پانی بہتے ہوئے دیکھا گیا ہے۔
علاقائی ذرائع کے مطابق چند روز قبل بھی داروڈگار کے مقام پر مین پائپ لائن پھٹنے کی وجہ سے لاکھوں گیلن پینے کا پانی ضائع ہو گیا تھا۔
ذرائع نے بتایا کہ آج بروز بدھ کلگ کراس سے چند کلومیٹر آگے گوادر سٹی کو پانی فراہم کرنے والی پائپ لائن ایک بار پھر پھٹ گئی ہے جس سے پانی بہہ کر اطراف میں پھیل گیا۔
واضح رہے کہ ان دنوں گوادر میں پانی کا شدید بحران ہے اور شہری پانی کی ایک ایک بوند کے لیے ترس رہے ہیں مگر دوسری جانب پانی بے دردی سے ضائع ہو رہا ہے۔