سردار زادہ یوسف قلندرانی کی جبری گمشدگی کے خلاف جمعیت علماءکا احتجاج اور دھرناخضدار میں جاری ہے۔
مظاہرین نے مین آر سی ڈی روڈ کو آمدو رفت کے لئے بلاک کردیاجس سے کوئٹہ کا کراچی سے زمینی رابطہ منقطع ہوگیا ہے۔
جمعیت علماءاسلام ضلع خضدار کے زیر اہتمام صوبائی رہنماءسردار زادہ میر یوسف علی خان قلندرانی کی عدم بازیابی پر سنی کے مقام پر احتجاجی دھرنا جاری ہے۔
دھرنے سے جے یو آئی خضدار کے امیر قائد جھالاوان فقیہ العصر حضرت مولانا قمرالدین، جے یو آئی کے ضلعی اکابرین مولانا فیض محمد سمانی، مفتی عبدالقادر شاہوانی، سردار علی محمد خان قلندرانی، وڈیرہ عبدالوہاب زہری، میجر محمد رحیم زہری، بی این پی کے سردار نصیر احمد موسیانی۔ میر نوید موسیانی سمیت جمعیت علماءاسلام کے مقامی ذمہ داران و کارکنان کثیر تعداد میں موجود ہیں۔
جے یو آئی خضدار کے ایک اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ جب تک یوسف قلندرانی بازیاب نہیں ہوتے روڈ بلاک رہے گا۔
آر سی ڈی روڈ کی بندش کے باعث کوئٹہ اور کراچی کے درمیان ٹریفک معطل ہو چکا ہے، جس سے مسافروں اور مال بردار گاڑیوں کو لمبی قطاریں لگ گئی ہے۔
یاد رہے کہ میر یوسف علی خان قلندرانی کو 17 اگست 2025 کو کراچی سے حراست میں لیا گیا تھا۔ جس کے بعد سے وہ لاپتہ ہیں۔