تربت: ایرانی بارڈرکی بندش کے خلاف سی پیک شاہراہ پر دھرنا، ٹریفک معطل

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

ایران سے متصل عبدوی کراسنگ پوائنٹ کی بندش کے خلاف بلوچستان کے ضلع کیچ کے مرکزی شہر تربت میں زمیاد مالکان نے سی پیک شاہراہ ایم ایٹ پر دھرنا دیکر ٹریفک معطل کردی ہے۔

عبدوی کراسنگ پوائنٹ پر تیل کے کاروبار سے منسلک گاڑی مالکان نے ایران اور اسرائیل کے درمیان حال ہی میں کشیدہ صورت حال کے بعد جنگ بندی ہونے پر بھی کراسنگ پوائنٹ نہ کھولنے کے خلاف جمعرات کو جدگال ڈن (ڈی بلوچ) سے متصل گھنہ کے مقام پر شاہراہ بلاک کردی ہے جہاں بڑی تعداد میں زمیاد گاڑی مالکان احتجاج کررہی ہیں۔

مظاہرین نے ٹریفک کی روانی معطل کردی ہے، ان کا کہنا ہے کہ ایران میں حالات معمول پر آگئی ہیں اور کاروبار شروع ہوا ہے تاہم عبدوی کراسنگ پوائنٹ بدستور بند ہے جس کے سبب ہمارے لیے معاش کا مسلہ پیدا ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عبدوی بارڈر کھول کر کاروبار کو سابقہ طریقہ کار کے مطابق بحال کیا جائے اور بارڈر پر لگایا گیا خود ساختہ باڈ ہٹا کر گاڑیوں کو پہلے کی طرح اندر جاکر تیل لوڈ کرنے کی اجازت دی جائے۔

گاڑی مالکان کا کہنا ہے کہ جب تک عبدوی کراسنگ پوائنٹ کھول کر باڈ ہٹایا نہیں جاتا ہمارا احتجاج جاری رہے گا اور سی پیک شاہراہ بدستور بند رہے گا۔

Share This Article