بلوچستان کے ضلع خضدار میں نامعلوم مسلح افراد کے ساتھ جھڑپ میں لیویز فورس کے 4 اہلکار ہلاک ہوگئے۔
یہ واقعہ جمعہ کی شب خضدار کے علاقے نال میں صمند چیک پوسٹ پر پیش آیا۔
ڈپٹی کمشنر خضدار یاسر دشتی نے جھڑپ میں لیویز فورس کے 4 اہلکاروں کی ہلاکت کی تصدیق کی۔
لیویزذرائع کے مطابق ہلاک ہونے والے چاروں اہلکار سی پیک روڈ پر واقع صمند چیک پوسٹ پر ڈیوٹی سرانجام دے رہے تھے۔
لیویز فورس نے دعویٰ کیا کہ اس چیک پوسٹ پر مسلح افراد آئے اور انھوں نے فورس کے اہلکاروں کو ہتھیار حوالے کرنے کا کہا لیکن فورس کے اہلکاروں نے اسلحہ دینے کی بجائے مزاحمت کیا۔اورمسلح افراد کے ساتھ جھڑپ میں چاروں اہلکار مارے گئے۔
لیویز فورس کے اہلکاروں کی لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کی شناخت خدابخش، اعجاز احمد، محمد علی اور مقبول کے ناموں سے ہوئی ہے۔
واضع رہے کہ بلوچ آزادی پسند مسلح تنظیم بی ایل ایف نے پندرہ مئی 2025 کو شام 6:30 بجے گوادرنیشنل ہائی وے (این ایچ 25) لنک کی حفاظت کیلئے نال کے علاقہ ھڑنبو چڑھائی پر قائم لیویز چوکی پر قبضہ کرنے اور تمام سرکاری اسلحہ اور دیگر سامان ضبط کر نے کا دعویٰ کیا تھا ۔
اپنے دعوے میں بی ایل ایف ترجما ن نے کہا تھا کہ ڈیوٹی پر موجود اہلکاروں کو انسانیت اور بلوچ ہونے کے ناطے چھوڑ دیا گیاتھا ۔
اب تک یہ معلوم نہ ہوسکا کہ آیا یہ دونوں واقعات ایک ہی ہیں یا الگ الگ ہیں۔