بلوچستان کے مرکزی شہر کوئٹہ سے ملحق کچلاک کے قریب ایک ٹریفک حادثے میں 4 افراد ہلاک ہوگئے جبکہ اساحلی شہر ورماڑہ میں مسافر بس میں خاتون کی پراسرار موت واقع ہوگئی ہے۔
کچلاک کے قریب مسافر کوچ اور ٹوڈی کار کے درمیان تصادم کے نتیجے میں 4 افراد ہلاک ہو گئے۔
ذرائع کے مطابق ہلاک افراد کا تعلق بلوچستان کے اضلاع لورالائی اور دکی سے بتایا جاتا ہے۔
حادثے کے بعد ریسکیو ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر امدادی کارروائیاں انجام دیں اور لاشوں کو قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
دوسری گوادر سے کراچی جانے والی مسافر بس میں سفر کے دوران ایک خاتون کی پراسرار طور پر موت واقع ہو گئی۔
افسوسناک واقعہ اس وقت پیش آیا جب "النوید” بس مکران کوسٹل ہائی وے پر ضلع گوادر کے ساحلی شہر اورماڑہ کے قریب پہنچی۔
ذرائع کے مطابق، بس میں سوار دیگر مسافروں نے خاتون کو بے ہوش پایا اور فوراً بس عملے کو اطلاع دی۔
عملے نے فوری طور پر اورماڑہ ایمرجنسی ریسپانس سینٹر سے رابطہ کیا، جس پر ریسکیو ٹیمیں بروقت جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق، خاتون کی موت کی تصدیق کے بعد لاش کو ابتدائی طبی معائنے کے لیے پاکستان نیوی کے درمان جاہ ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
ابتدائی رپورٹس کے مطابق، موت کی اصل وجہ تاحال سامنے نہیں آ سکی۔
انتظامیہ نے واقعے کی مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں۔