آئی ایس پی آر کا قلات میں مبینہ آپریشن میں 6 عسکریت پسندوں کی ہلاکت کا دعویٰ

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

پاکستانی فوج کے ترجمان آئی ایس پی آر نے بلوچستان کے علاقے قلات میںایک مبینہ آپریشن میں 6 عسکریت پسندوں کی ہلاکت کا دعویٰ کیا ہے ۔

پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں دعویٰ کیا ہے کہ بلوچستان کے ضلع قلات میں سیکیورٹی فورسز نے عسکریت پسندوں کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلی جنس کی بنیاد پر آپریشن کے دوران 6 عسکریت پسندوں کو ہلاک کردیا۔

اپنے دعوے میں اس کا کہناتھا کہ آپریشن کے دوران فوج کے جوانوں نے عسکریت پسندوں کے ٹھکانوں کو موثر انداز میں نشانہ بنایا اور شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد 6 عسکریت پسند مارے گئے۔

آئی ایس پی آر نے اپنے دعوے میں کہا ہے کہ ہلاک ہونے والے عسکریت پسند علاقے میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے علاوہ معصوم شہریوں کے خلاف حالیہ عسکریت پسندی کی سرگرمیوں میں ملوث تھے۔

آئی ایس پی آر نے حسب معمول ہلاک عسکریت پسندوں کی شناخت ظاہر نہیں کی ہے ۔

واضع رہے کہ پاکستانی فوج ،ایف سی ، سی ٹی ڈی و پولیس کی متعدد ایسی جعلی کارروائیاں رپورٹ ہوچکی ہیں جہاں پہلے سے جبری گمشدگی کے شکار افراد کو ماورائے قانون قتل کرکے ان کی لاشیں پھینکی گئیں اور میڈیا کو گمراہ کرکے انہیں عسکریت پسند ظاہر کیا گیا۔

قلات میں قتل کئے گئے نامعلوم افراد کے حوالے سے خدشہ ہے کہ وہ لاپتہ افراد ہونگے۔

Share This Article