بلوچستان کے ضلع خضدار میں کوئٹہ اور کراچی کے درمیان شاہراہ احتجاج کے باعث دوسرے دن جمعرات کے روزبھی بند رہی۔
یہ شاہراہ خضدار کے علاقے وڈھ کے تاجروں کے احتجاج کی وجہ سے بند ہے۔ شاہراہ کو نہ صرف وڈھ ٹاؤن بلکہ تین دیگر مقامات پر بھی بند کی گئی ہے۔
اس اہم شاہراہ کی بندش سے سینکڑوں گاڑیاں پھنس گئی ہیں جس کی وجہ سے ہزاروں مسافروں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
ضلع خضدار پولیس کے سربراہ جاوہد زہری کا کہنا ہے کہ شاہراہ کو کھلوانے کے لیے تاجروں سے مذاکرات جاری ہیں۔
وڈھ کے تاجر رہنما مجیب الرحمان کے مطابق وڈھ کے تاجروں کو طویل عرصے سے بھتہ خوروں اور اغوا برائے تاوان کی وارداتوں کی وجہ سے بہت زیادہ مشکلات کا سامنا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ بھتہ خوری اور دیگر جرائم میں ملوث افراد نے چار تاجروں کو ہلاک کیا ہے، جن میں سے دو کا تعلق ہندو برادری سے تھا اور دو مسلمان تھے۔
ان کا کہنا تھا عدم تحفظ سے تنگ آکر وڈھ کے تاجروں نے اپنی مدد آپ کے تحت پرائیویٹ سیکورٹی گارڈز کا انتظام کیا جس کے لیے ہر تاجر ماہانہ پیسے دیتے ہیں۔
انھوں نے بتایا کہ چند روز قبل انتظامیہ کی جانب سے ان پرائیویٹ سیکورٹی گارڈز کو ہٹانے کا کہا گیا، جسے تاجر برادری نے مسترد کیا جس کے بعد پرائیوٹ سیکورٹی گارڈز کو گرفتار کیا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ انتظامیہ کے اقدام خلاف تاجروں نے شٹر ڈاؤن ہڑتال کی ہوئی ہے، جس کے باعث وڈھ میں کاروباری مراکز چار روز تک بند رہے۔
مجیب الرحمان کے مطابق ان کے جائز مطالبات تاحال تسلیم نہیں کیے گئے ہیں، جس کے بعد تاجر شاہراہ کو بند کرنے پر مجبور ہوئے۔
بلوچستان میں بڑی شاہراہوں پر ماضی میں بھی احتجاج ہوتا رہا ہے لیکن گزشتہ ایک ڈیڑھ سال سے احتجاج کے سبب ان کی بندش میں اضافہ ہوا ہے۔
کوئٹہ، کراچی شاہراہ کا شماربلوچستان وپاکستان کی سب سے اہم شاہراہوں میں ہوتا ہے جو نہ صرف بلوچستان کے قلات اور مکران ڈویژن کو کوئٹہ سے منسلک کرنے کا سب سے بڑا ذریعہ ہے بلکہ بلوچستان کے علاوہ افغانستان اور وسط ایشیائی ریاستوں کو بھی پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی سے منسلک کرتی ہے۔