بلوچستان کے مختلف علاقوں سے پاکستانی فوج اور اس کی لے پالک ملیشیا جسے مقامی سطح پر ڈیتھ اسکواڈ کہا جاتا ہے کے ہاتھوں شہریوں کی جبری گمشدگیوں کا سلسلہ بدستور جاری ہے، جہاں نال سے ایک شہری کی حراست کے بعد گمشدگی اور پسنی سے ایک نوجوان استاد کے لاپتہ ہونے کی تفصیلات سامنے آئی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق، بلوچستان کے ضلع خضدار کے علاقے استخلی نال کے رہائشی اشرف ولد جمعہ گزشتہ 9 روز سے جبری گمشدگی کا شکار ہیں۔
اہلِ خانہ کے مطابق انہیں پاکستانی فوج نے حراست میں لینے کے بعد نامعلوم مقام پر منتقل کیا، تاہم نو روز گزرنے کے باوجود ان کے بارے میں کوئی معلومات فراہم نہیں کی گئیں، جس کے باعث اہلِ خانہ نے ان کی سلامتی کے حوالے سے شدید خدشات کا اظہار کیا ہے۔
اشرف ولد جمعہ کی گمشدگی کا واقعہ ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب اس سے قبل ان کے رشتہ دار الٰہی بخش کو بھی 30 اکتوبر کو پاکستانی فورسز نے حراست میں لیا تھا۔
اہلِ خانہ کے مطابق، الٰہی بخش کو حراست میں لینے کے بعد 2 نومبر کو قتل کیا گیا اور بعد ازاں ان کی لاش پھینک دی گئی، جس کے بعد اشرف کی گمشدگی نے خاندان کی تشویش میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔
دوسری جانب بلوچ یکجہتی کمیٹی (بی وائی سی) کی جانب سے 18 نومبر 2026 کو جاری کردہ ایک رپورٹ (حوالہ نمبر: BYC/2026/415) میں ضلع گوادر کے تحصیل پسنی سے تعلق رکھنے والے ایک نوجوان استاد کی جبری گمشدگی کی تفصیلات جاری کی گئی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق 23 سالہ سرتاج ولد خیر بخش، جو سردشت کلانچ (گوادر) کے رہائشی اور پیشے کے اعتبار سے جے وی ٹی (JVT) ٹیچر ہیں، جبری گمشدگی کا شکار ہیں۔
بی وائی سی کے ریکارڈ کے مطابق سرتاج کو 3 ستمبر 2026 کو صبح 11 بجے پسنی کے گرڈ اسٹیشن سے خفیہ ادارے (ایم آئی) کے اہلکاروں نے حراست میں لے کر لاپتہ کر دیا۔
واضح رہے کہ اس سےقبل گذشتہ مہینے پسنی میں ایک اسکول ٹیچر پرویز احمد کوقتل کیا تھا ۔
خاندانی ذرائع کے مطابق ماسٹر پرویز مزار کو نامعلوم افراد نے پسنی بازار سے اٹھایا تھا جس کے بعد ان کو قتل کرکے ان کی لاش پھینک دی گئی تھی۔
بعد ازاں مقتول پرویز احمد کی اہلخانہ نے ان کے قتل کے مقدمے میں شاہ بخش ولد سردار عزیز، مسلم حاصل ولد حاصل خان، محمد جمیل ولد محمد شریف، سعید احمد ولد علی احمد اور بالاچ کو نامزد کیا جن کا تعلق ریاستی ڈیتھ اسکواڈز سے ہے، جو قتل و غارت گری سمیت متعدد سماجی برائیوں میں ملوث ہیں اور انہیں پاکستانی فوج و خفیہ اداروں کی سرپرستی میں مکمل استثنیٰ حاصل ہے۔