تاجر برادری کی مشترکہ کال پر بلوچستان بھر میں شٹرڈاؤن ہڑتال

ایڈمن
ایڈمن
1 Min Read

بلوچستان بھر میں آل پارٹیز اتحاد اور تاجر تنظیموں کی مشترکہ کال پر آج بروز جمعرات شٹرڈاؤن ہڑتال کی جا رہی ہے، جس کے باعث بلوچستان بھر میں کاروباری مراکز بند ہیں، جبکہ کوئٹہ پریس کلب سمیت مختلف ضلعی ہیڈکوارٹرز میں پریس کلبوں کے سامنے احتجاجی مظاہرے بھی کیے جا رہے ہیں۔

ہڑتال کی مشترکہ کال میں عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی)، بلوچستان نیشنل پارٹی (بی این پی)، جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی)، نیشنل ڈیموکریٹک موومنٹ (این ڈی ایم)، جے یو آئی نظریاتی، جماعت اسلامی، پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)، نیشنل پارٹی، پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی (پی کے نیپ) اور مختلف تاجر تنظیمیں شامل ہیں۔

آل پارٹیز اتحاد کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق احتجاج کا مقصد صوبے میں امن و امان کی ابتر صورتحال، معاشی مشکلات اور انتظامی امور سے متعلق تحفظات اجاگر کرنا ہے۔

اعلامیے میں قومی شاہراہوں پر عدم تحفظ، اغوا برائے تاوان، جبری گمشدگیوں اور افغانستان و ایران کے ساتھ سرحدی تجارت میں حائل رکاوٹوں پر تشویش کا اظہار کیا گیا ہے۔

Share This Article