کوئٹہ : گیس لوڈشیڈنگ وپریشرمیں کمی کیخلاف روڈ بلاک احتجاج

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

بلوچستان کے دارلحکومت کوئٹہ میں گیس کی غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ اورگیس پریشرمیں کمی کیخلاف سریاب کے مکینوں نےاحتجاجاً گاہی خان چوک پردھرنادے کرسڑک کو بلاک کردیا۔

روڈ بلاک کی وجہ سے ہرقسم کی ٹریفک معطل ہوگئی اورسڑک کے دونوں جانب دوردورتک چھوٹی بڑی مسافراورمال بردارگاڑیوں کی قطاریں لگ گئیں۔

مظاہرین نے سوئی سدرن گیس کمپنی حکام کیخلاف شدیدنعرے بازی کی۔

مظاہرین کاکہناتھا کہ موسم کی خنکی میں اضافے کیساتھ مختلف علاقوں میں گیس غائب ہوگیا ہے، آئے روزاعلانیہ اورغیراعلانیہ طورپرگیس بندکردی جاتی ہے اورسوئی سدرن گیس کمپنی حکام معذرت کرکے سب کچھ اچھاہے کاراگ الاپتے ہیں جوباعث تشویش ہے، گیس بندہونے کی صورت میں عوام اپنی جیب سے اضافی اخراجات کرکے سوختنی لکڑی اورایندھن کے متبادل ذرائع کابندوبست کرتے ہیں مگرستم ظریفی کی بات یہ ہے کہ ماہانہ بلوں میں کوئی کمی نہیں کی جاتی۔

انہوں نے بتایاکہ گیس پریشر کی کمی اورگیس کی بندش کی وجہ سے معمولات زندگی متاثرہورہے ہیں جبکہ خواتین کو گھریلوامورخانہ داری کی انجام دہی میں بھی دشواری کاسامناکرناپڑتا ہیں،موسم سردی کی شدت میں اضافے کیساتھ بچے اوربزرگ افراد کی مشکلات بھی بڑھ گئے ہیں۔

مظاہرین نے کہا کہ سابق ادوارمیں بلوچستان کے وزراء اوراراکین اسمبلی نے سوئی سدرن گیس کمپنی کے دفترکے سامنے احتجاجی کیمپ لگاکردھرنادیامگرگیس کمپنی حکام صارفین کو گیس فراہم کرنے میں ناکام ہوگئے ہیں، سردیوں کے موسم میں جان بوجھ کرگیس بندکرکے لوگوں کوتنگ کیاجارہاہے، بلوچستان سے نکلنے والی گیس سے دیگرصوبوں کے لوگ مستفیدہورہے ہیں مگریہاں کے مقامی لوگوں کامحروم ہونا تشویشناک ہے جس کی وجہ سے مزید محرومیوں میں اضافہ ہورہا ہے۔

انہوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا کہ سوئی سدرن گیس کمپنی حکام کے ناروارویئے کانوٹس لیاجائے بصورت دیگر وہ احتجاج کومزید وسعت دیں گے جس کی ذمہ داری سوئی سدرن گیس کمپنی حکام پرعائد ہوگی۔

Share This Article