کوئٹہ : پولیس اہلکار کے نجی سیل سے 4 نوجوان بازیاب

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

کوئٹہ پولیس اہلکار کے نجی سیل پر چھاپہ، 4 نوجوان بازیاب ، دوران قید ہم سے بدفعلی کرنے کی کوشش بھی کی گئی، متاثرہ نوجوان

بلوچستان کے دارلحکومت کوئٹہ میں بروری پولیس تھانے کے عملے نے دعویٰ کیا ہے کہ پولیس اہلکار کے نجی سیل پر چھاپہ مار کر چار نوجوانوں کو بازیاب کرالیاگیا ہے۔

بروری پولیس تھانہ حکام کے دعوے کے مطابق پولیس اہلکار کے نجی سیل پرچھاپے کے دوران نجی سیل میں موجود تین ملزمان بھی گرفتار ہوئے جن سے اسلحہ بھی برآمد کیا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ نجی سیل کے ایک کمرے سے بازیاب 4 نوجوان لڑکوں نے بتایا کہ انہیں چوری کے چھوٹے مقدمے میں پکڑ کر اس گھر میں قید کیا گیا تھا۔

دعوے میں مزید کہا گیا کہ بازیاب نوجوانوں نے پولیس کو دیئے گئے بیان میں کہا کہ ثنااللہ نامی پولیس اہلکار نے ہمیں تھانے کے بجائے یہاں منتقل کیا اور جھوٹے مقدمے میں ہمیں اعتراف یا پیسے دینے کے لئے تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔

نوجوانوں نے کہا کہ دوران قید ہم سے بدفعلی کرنے کی کوشش بھی کی گئی ۔

واقعے کی درج ایف آئی آر کے مطابق ملزمان نے چاروں نوجوانوں کو گزشتہ 3 دن سے بند کر رکھا تھا۔

پولیس اہلکار نوجوان لڑکوں کو تھانے کے بجائے نجی سیل منتقل کرتا تھا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ چوتھے ملزم پولیس اہلکار کی گرفتاری کے لئے چھاپے جاری ہیں۔

پولیس نے گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا۔

Share This Article
Leave a Comment