ہیٹی میں ایندھن کے ٹرک کے دھماکے میں 24 افراد جھلس کرہلاک

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

ہیٹی کے جزیرہ نما جنوبی علاقے میں سڑک پر ایندھن کے ٹرک کے دھماکے میں 24 افراد ہلاک اور 40 افراد زخمی ہو گئے جن میں سے نصف بری طرح سے جھلس گئے۔

خبر رساں ایجنسی رائٹرز کے مطابق ہیٹی کے وزیر اعظم گیری کونیل نے ساحلی شہر میراگوانے کے قریب واقع جائے حادثہ کا دورہ کیا اور کہا کہ کچھ شدید زخمیوں کو خصوصی طبی امداد کے لیے ہیلی کاپٹر کے ذریعے منتقل کردیا گیا ہے۔

گیری کونیل نے حکومت کی جانب سے جاری کردہ ایک ویڈیو میں کہا کہ یہ ایک خوفناک منظر ہے جس سے ہم ابھی گزرے ہیں، درجنوں افراد زخمی اور بری طرح جھلس گئے ہیں۔

ہیٹی کی ایمرجنسی سروسز کی رپورٹ کے مطابق زخمیوں میں زیادہ تر مرد ہیں جبکہ اس کے علاوہ تین خواتین اور ایک بچہ بھی زخمیوں میں شامل ہیں۔

واقعے کے ایک عینی شاہد نے بتایا کہ ٹرک کا گیس ٹینک دوسری گاڑی کی وجہ سے لیک ہو گیا تھا اور اس موقع پر لوگ ایندھن اکٹھا کرنے کے لیے جائے وقوعہ پر پہنچ گئے تھے۔

اس شخص نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر کہا کہ بہت سے لوگ ٹرک کے قریب موجود تھے جو آگ لگنے کے نتیجے میں بری طرح جھلس گئے۔

TAGGED:
Share This Article
Leave a Comment