غزہ میں اسکول پراسرائیلی فوج کے حملے میںکم از کم 10 افراد ہلاک ہوگئے۔
غزہ میں حماس کے زیر انتظام محکمہ سول دفاع کے مطابق حملے کا نشانہ بننے والے اسکول میں بے گھر افراد پناہ لیے ہوئے تھے۔
اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ ملکی فضائیہ نے حماس کے ایک کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کو نشانہ بنایا۔
وسطی غزہ میں اسرائیلی فوج کے ایک اسکول پر حملے میں کم ازکم دس افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔
غزہ میں حماس کے زیر انتظام محکمہ شہری دفاع کے مطابق مارے جانے والے افراد کا تعلق ان بے گھر خاندانوں سے تھا، جو اس اسرائیلی حملے کا نشانہ بننے والے اسکول میں پناہ لیے ہوئے تھے۔
اسرائیلی فوج نے اس حملے کی تصدیق کرتے ہوئے منگل کے روز بتایا کہ ملکی فضائیہ نے حماس کے عسکریت پسندوں پر حملہ کیا، جو غزہ شہر کے ایک اسکول کے احاطے میں اپنا ایک کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر چلا رہے تھے۔
اسرائیلی فوج کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا، شہریوں کو نقصان پہنچانے کے خطرے کو کم کرنے کے لیے اپنے ہدف کو درستی کے ساتھ نشانہ بنانے والے گولہ بارود کے استعمال سمیت متعدد اقدامات کیے گئے تھے۔‘‘
حماس ان اسرائیلی الزامات کی تردید کرتی ہے کہ وہ غزہ میں اسکولوں اور ہسپتالوں کو اپنے فوجی مقاصد کے لیے استعمال کرتی ہے۔