ایران رواں ہفتے اسرائیل پر حملہ کر سکتا ہے، امریکہ

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

وائٹ ہاؤس کے قومی سلامتی کے ترجمان جان کربی نے کہا ہے کہ اسرائیل اور اس کے اتحادیوں کو ایران کی جانب سے رواں ہفتےممکنہ بڑے حملوں کے لیے تیار رہنا چاہیے۔

امریکہ کے وزیر دفاع لائیڈ آسٹن نے اتوار کو یو ایس ایس جارجیا نام کی گائیڈڈ میزائل آبدوز کو مشرق وسطیٰ جانے کا حکم دیا تھا۔

انہوں نے طیارہ بردار بحری جہاز یو ایس ایس ابراہم لنکن کے اسٹرائیک گروپ سے کہا کہ وہ خطے میں اپنی آمد و رفت کو تیز کردے۔

پینٹاگان کے ترجمان میجر جنرل پیٹ رائڈر سے جب پوچھا گیا کہ کیا آبدوز کا اعلان ایران کے لیے کوئی پیغام تھا تو انہوں نے جواب دیا، "بالکل”۔

ترجمان نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ "ہم یہ پیغام بھیجنے کی کوشش کر رہے ہیں کہ ہم تناؤ کم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، ہم خطے میں اپنی افواج کی حفاظت کے لیے صلاحیتیں میسر کرنے کے ساتھ ساتھ اسرائیل کے دفاع کی حمایت بھی کر رہے ہیں۔”

دریں اثنا، فلسطینی عسکریت پسند تنظیم حماس نے کہا ہے کہ اس کے جنگجوؤں نے ایک اسرائیلی یرغمال کو ہلاک اور دو کو زخمی کر دیا ہے۔

فلسطینی عسکریت پسند تنظیم حماس کے رہنما اسماعیل ہنیہ کے 31 جولائی کو تہران میں قتل کے بعد سے ہی خظے میں کشیدگی میں اضافہ ہو گیا ہے۔

ایران نے ہنیہ کے قتل کا الزام اسرائیل پر عائد کرتے ہوئے ردِ عمل میں جوابی کارروائی کا اعلان کیا تھا۔

Share This Article
Leave a Comment