بالی وڈ کی معروف موسیقارواجد کورونا کی وجہ سے چل بسے

0
316

بالی وڈ کی معروف موسیقار جوڑی ساجد واجد کے واجد خان کا 42 سال کی عمر میں وائرس کی وجہ سے انتقال ہو گیا ہے۔

اس جوڑی نے س±پر سٹار سلمان خان کی فلم ‘وانٹیڈ’، ‘دبنگ’ اور ‘ایک تھا ٹائیگر’ جیسی کامیاب فلموں کے لیے میوزک ترتیب دیا تھا۔

واجد خان کا سوموار کو ممبئی کے ایک ہسپتال میں انتقال ہوا۔ بالی وڈ کے معروف گلوکار سونو نگم نے فیس بک پوسٹ میں اس کی تصدیق کی ہے۔

واجد خان کے بھائی ساجد خان نے بی بی سی سے منسلک صحافی مدھو پال کو بتایا کہ واجد خان کورونا وائرس کے مرض میں مبتلا تھے۔

واجد خان کے اہل خانہ نے بھی بی بی سی سے بات کرتے ہوئے ان کی موت کی تصدیق کی ہے۔

بی بی سی کو ان کے اہل خانہ نے یہ بھی بتایا کہ ‘واجد خان گردے کی بیماری میں مبتلا تھے اور دو سال قبل ان کے گردے کا ٹرانسپلانٹ کیا گیا تھا۔

‘ان کے گلے میں انفیکشن تھا اور انھیں ممبئی کے علاقے چیمبور کے سورانا ہسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔’

فلم اداکار رنویر شورے نے انھیں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ٹوئٹر پر لکھا کہ واجد خان کی موت کورونا سے ہوئی ہے۔

اداکارہ پریانکا چوپڑا نے بھی واجد خان کو ٹوئٹر پر خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ انھوں نے لکھا کہ ‘دہشت زدہ کرنے والی خبر۔ مجھے واجد بھائی کی ہنسی ہمیشہ یاد رہے گی۔ وہ سدا مسکراتے رہتے تھے۔ بہت جلدی چلے گئے۔۔۔’

میوزک کمپوزر سلیم مرچنٹ نے نیوز ایجنسی پی ٹی آئی کو بتایا ‘وہ گذشتہ چار دنوں سے وینٹی لیٹر پر تھے۔ ان کی طبیعت خراب تھی۔ اس کا آغاز گردے کے انفیکشن سے ہوا تھا اور پھر ان کی حالت تشویشناک ہوتی چلی گئی۔’

پاکستانی نڑاد انڈین شہری عدنان سمیع نے بھی ان کی موت پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

ساجد واجد جوڑی نے اپنے بالی ووڈ کیریئر کا آغاز سنہ 1998 میں ‘پیار کیا تو ڈارنا کیا’ سے کیا تھا اور اس کے بعد انھوں نے سلمان خان کی فلموں میں موسیقی دینے کا سلسلہ مستقل جاری رکھا۔ سلمان خان کی جن فلموں میں اس جوڑی نے میوزک دیا ان میں ‘گرو’، ‘تیرے نام’، ‘تم کو نہ بھول پائیں گے’، اور ‘پارٹنر’ جیسی فلمیں شامل ہیں۔

اداکارہ پریتی زنٹا نے کہا کہ ’میں انھیں دوسری ماں کے بطن سے پیدا ہونے والا اپنا بھائی کہتی تھی۔ غیر معمولی صلاحیت کے باوجود وہ بہت شریف اور خوش مزاج تھے۔ میرا دل اس قدر ٹوٹا ہے کہ میں واجد خان کو الوداع بھی نہیں کہہ سکی۔۔۔’

واجد خان صرف اپنے میوزک کے لیے معروف نہیں تھے بلکہ وہ ان کی شہرت کی وجہ ان کی گلوکاری بھی تھی۔

سلمان خان پر فلمائے جانے والے گیت ‘میرا ہی جلوہ’ اور ‘فیوی کول سے۔۔۔’ کے ساتھ اکشے کمار کی فلم ‘رائوڈی راٹھور’ میں اکشے کمار پر فلمائے جانے والے گیت ‘چنتا تا چتا چتا’ جیسے مشہور گیتوں کو واجد خان نے ہی آواز دی تھی۔

انھوں نے حال ہی میں سلمان خان کے لیے ‘پیار کرو نا’ اور ‘بھائی-بھائی’ گانوں کے لیے میوزک تیار کیا تھا جسے سلمان خان نے اپنے یوٹیوب چینل پر جاری کیا تھا۔

سوشل میڈیا پر واجد خان کو بالی وڈ کے بہت سے ستارے خراج عقیدت پیش کر رہے ہیں اور ان کے لواحقین کے لیے صبر اور ان کی روح کے لیے سکون کی دعائیں کر رہے ہیں۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here