بلوچستان میں 100ڈیموں کی تعمیر کے منصوبے میں بڑے پیمانے پر بے قاعدگیوں کا انکشاف ہوا ہے ۔
ڈیموں کی تعمیر کے منصوبے میں بے قاعدگیوں کا انکشاف ڈیموں سے متعلق خصوصی آڈٹ رپورٹ میں سامنے آئی ہے ۔
محکمہ خزانہ بلوچستان کے ذرائع کے مطابق 100 ڈیموں میں سے 26 ڈیموں پر تعمیر کا کام 2018 کے بجائے 2021میں مکمل ہوا، تاخیر کے باعث لاگت میں 26کروڑ 10لاکھ روپے کا اضافہ ہوا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ تاخیر سے پراجیکٹ امپلی مینٹیشن یونٹ اور سپروژن اخراجات میں 13کروڑ 36 لاکھ روپے کا اضافہ ہوا جبکہ ٹھیکیداروں سے سکیورٹی کی مد میں 12کروڑ روپے کی کٹوتی نہیں کی گئی ۔
محکمہ خزانہ کے ذرائع کے مطابق انکم ٹیکس کی مد میں ٹھیکیداروں سے 99 لاکھ روپے کم کاٹے گئے جبکہ نان شیڈولڈ ریٹس کی مد میں11کروڑ 26لاکھ روپے کی اضافی ادائیگیاں کی گئیں مزید برآں آڈیٹ رپورٹ میں ذمےداروں کا تعین کرنے اور ان کے خلاف کارروائی کرنے کی سفارش بھی کی گئی ہے۔