جمعرات کو چین کے وزیرِ خارجہ وانگ یی نے نیوز کانفرنس کے دوران غزہ کی صورتِ حال پر بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ انسانیت کے لیے المیہ اور تہذیب کی توہین ہے کہ ہم اکیسویں صدی میں اس تباہی کو نہیں روک پائے ہیں۔
چینی وزیرِ خارجہ نے کہا کہ بین الاقوامی برادری کو فوری طور پر اپنی اخلاقی ذمے داری سمجھتے ہوئے جنگ بندی اور امداد پہنچانے کے لیے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔
چین کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب غزہ میں جاری تنازع چھٹے ماہ میں داخل ہوچکا ہے اور جنگ بندی کے لیے ثالثوں کی کوششیں کامیاب نہیں ہو پائی ہیں۔
غزہ میں جاری جنگ کی وجہ سے لگ بھگ 24 لاکھ آبادی والی غزہ کی پٹی تباہ حال عمارتوں کے ملبے کا ڈھیر بن چکی ہے۔
حماس کے زیرِ انتظام غزہ کی وزارتِ صحت نے بدھ کو ایک بیان میں کہا تھا کہ کم از کم 20 افراد غذا اور پانی کی قلت کی وجہ سے ہلاک ہوچکے ہیں جن میں کم از کم 10 بچے بھی شامل تھے۔