پاکستان کے افغانستان سےملحق علاقہ شمالی وزیرستان کے ضلع میر علی میںگیس و تیل تلاش کرنیوالی کمپنی کے قافلے پر حملے میں سیکورٹی کیلئے تعینات پاکستانی فوج کے 3 اہلکارہلاک ہوگئے ۔
حملے میں کمپنی کے 22 افرادکے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔
اس حملے کی ذمہ داری تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) نے قبول کر لی ہے۔
مقامی حکام کے مطابق فورسز اور مری پیٹرولیم کمپنی کے ملازمین کا قافلہ شمالی وزیرستان سے بنوں جا رہا تھا کہ کھجوری میں فورسز کی گاڑی سے ایک رکشہ ٹکرا گیا۔
ایک مقامی عہدیدار نے بتایا کہ ’یہ رکشہ سڑک کے کنارے کھڑی گاڑیوں کے بیچ میں کھڑا تھا جوکہ اچانک نمودار ہوا اور سیکورٹی فورسز کی گاڑی سے ٹکرا دیا گیا‘۔
انہوں نے بتایا کہ اس حملے میں 3 اہلکار ہلاک ہو گئے جبکہ گیس اور تیل تلاش کرنے والی کمپنی کے 15 ملازمین سمیت 22 افراد زخمی ہوگئے۔
اس حوالے سے پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے اس رپورٹ کے شائع ہونے تک کوئی باضابطہ بیان موصول نہیں ہوا۔