بلوچستان کے دارلحکومت کوئٹہ میں ایف آئی اے نے منی ایکسچینج سینٹر میں کارروائی کرتے ہوئے حوالہ وہنڈی میں ملوث دکانوں کو سیل کردیا، جس کے ردعمل پر دکانداروں اور تاجروں نے احتجاج کیا اور ایف آئی اے اہلکاروں کو یرغمال بناکر قبضے میں لی گئی رقم لے جانے سے روکنے کی کوشش کی۔
کوئٹہ میں شارع اقبال پر واقع منی ایکسچینج سینٹر میں حوالہ و ہنڈی میں ملوث افراد کیخلاف کارروائی کے لیے ایف آئی اے کی ٹیم نے چھاپہ مارا جس کے دوران حوالہ و ہنڈی کے حوالے سے ایک شخص کو حراست میں لے لیا گیا، اس دوران تقریباً ایک کروڑ روپے کی رقم برآمدکی گئی اور چند دکانوں کو سیل بھی کردیا گیا۔
اس دوران میڈیا کی ٹیمیں کوریج کے لیے ڈی ایس این جیز کے ہمراہ منی ایکسچینج سینٹر پہنچ گئیں، ایف آئی اے کی ٹیم کارروائی کے بعد وہاں سے روانہ ہونے لگی تو تاجر مشتعل ہوگئے اور انہوں نے سینٹر کا گیٹ بند کردیا جس سے ایف آئی اے کی ٹیم اور میڈیا کے نمائندے وہاں محصور ہوگئے۔
دوسری جانب باہر موجود مشتعل تاجروں نے نجی چینلز کی ڈی ایس این جیز کو نقصان پہنچایا اور چاقوؤں سے وار کرکے ان کے ٹائر پھاڑ دیے اورایف آئی کی گاڑی پر پتھراؤ بھی کیا۔
مشتعل تاجروں نے منی ایکسچینج سینٹر کے باہر شارع اقبال کو ٹائر جلا کر اور رکاوٹیں کھڑی کرکے بلاک بھی کردیا۔
دکاندار وتاجروں کا کہنا تھا کہ ایف آئی اے سے ضبط کی گئی رقم واپس لیے بغیر منی ایکسچینج سینٹر سے جانے نہیں دیں گے، تاہم اینٹی رائٹ فورس کے علاوہ پولیس کی بھاری نفری بھی وہاں پہنچ گئی جس نے مشتعل تاجروں پر لاٹھی چارج کیا اور ایف آئی اے کی ٹیم اور میڈیا کے نمائندوں کو سینٹر سے باہر نکالا، بعد میں تاجر منتشر ہوگئے اور شارع اقبال پر ٹریفک بحال کردی گئی۔