بلوچستان کے علاقے کوہلو اور نوشکی میں پولنگ اسٹیشن اور ایف سی پر راکٹ حملہ اور فائرنگ کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک ہوگیا۔
بلوچستان کے ضلع کوہلو کے تحصیل ماوند کے علاقے باریلی میں پولنگ اسٹیشن پر 3 راکٹ فائر کئے گئے۔
راکٹ کے گولے پولنگ کے قریب لیویز چوکی کے قریب گر گئے جن سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے۔
علاقائی ذرائع کے مطابق آج ایک بجے کے قریب نامعلوم مسلح افراد نے باریلی میں پولنگ اسٹیشن پر خودکار ہتھیاروں سے حملہ کردیا۔
حملے کے نتیجے میں پولنگ اسٹیشن میں موجود افراد پولنگ اسٹیشن چھوڑ کر بھاگ گئے ہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ مسلح حملہ آوروں نے کافی شدت کے ساتھ پولنگ اسٹیشن پر حملہ کیا جس سے پولنگ اسٹاف سمیت تمام ووٹرز جائے وقوع سے جان بچا کر بھاگ گئے۔
دوسری جانب کوہلو میں پولنگ سٹیشن کے بعد ایف سی کی چیک پوسٹ پر بھی حملے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔
ذرائع بتاتے ہیں کہ آج دوپہر دو بجے نامعلوم افراد نے کوہلو کے علاقے باریلی میں ایف سی چیک پوسٹ پر مارٹر گولوں سے حملہ کیا ہے۔
واضح رہے کہ باریلی میں آج جاری بلدیاتی انتخابات کے دوران مسلح افراد کی جانب سے یہ دوسرا حملہ ہے۔
اس سے چند گھنٹے قبل باریلی پولنگ سٹیشن پر نامعلوم مسلح افراد کی جانب سے شدید نوعیت کا حملہ ہوا تھا جس کے نتیجے میں پولنگ کا سلسلہ بند ہوگیا تھا۔
تاہم اب کے تازہ ترین اطلاعات کے مطابق باریلی ہی کے علاقے میں واقع ایف سی چیک پوسٹ پر مارٹر گولوں سے حملہ ہوا ہے۔
حملے میں کسی قسم کے نقصانات کی اطلاعات تاحال موصول نہیں ہوئے ہیں۔
اسی طرح نوشکی میں دو گرہوں میں فائرنگ سے ایک شخص ہلاک جس سے پولنگ کا عمل روک دیا گیا۔
یوسی 1 وارڈ نمبر 7 پدگ میں دو گروہوں میں معمولی تکرار پر فائرنگ سے ایک شخص زخمی ہوگیا جو بعد ازاں زخموں کی تاب نہ لا تے ہوئے چل بسا۔
فائرنگ کی واقعے کے بعد پولنگ کا عمل روک دیا گیا۔
دریں اثنامنگچر میں بھی کالج میں پولنگ سٹیشن پر دستی بم سے حملہ کیا گیا جس سے 2 افراد زخمی ہوگئے۔
حملے کے بعد فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لیکر کارروائی شروع کردی۔
مزید معلومات حاصل کی جارہی ہے۔
دوسری جانب کیچ سمیت کئی اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کیلئے پولنگ کے دوران بم حملوں کی اطلاعات سامنے آرہی ہیں۔
اطلاعات ہیں کہ بلوچستان کے 32 اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کے لیے پولنگ کا وقت ختم ہوگیا ہے اور ووٹوں کی گنتی جاری ہے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق پولنگ اسٹیشن کے احاطے میں موجود لوگ ووٹ ڈال سکیں گے۔
الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ 32اضلاع کے4 ہزار 456 شہری اور دیہی وارڈز میں پولنگ ہوئی، انتخابات کے لیے5 ہزار 226 پولنگ اسٹیشن، 12ہزار 219 پولنگ بوتھ قائم کیے گئے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق 32اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کے لیے14 ہزار 611 امیدوار میدان میں ہیں، بلدیاتی انتخابات میں ایک ہزار 584 وارڈز میں امیدوار بلا مقابلہ منتخب ہوچکے ہیں، بلوچستان میں ووٹرزکی تعداد 35 لاکھ52 ہزار 398 ہے۔
بلوچستان بھر میں انتخابات کے لیے سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں جب کہ 7 اضلاع کو انتہائی حساس قرار دیا گیا تھا۔